منگلورو:۔ محکمہ تعلیمات سے ملنے والی رپورٹ کے مطابق جنوبی کینرا میں امسال نئے پی یو کالج شروع کرنے کیلئے 14 اسکولوں نے درخواست دے رکھی ہے جن میں مسلم انتظامیہ والے 13 اسکول شامل ہیں ۔ پی یو ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ حجاب تنازع کے بعد زیادہ تر کالجوں میں ڈریس کوڈ کو سختی کے ساتھ لاگو کیے جانے کے بعد مسلم بچیوں کو ان کے اپنے ہی انتظام والے کالجوں میں داخل کروانے کا رجحان بڑھ گیا ہے ، بچیوں کو حجاب کے ساتھ کالج میں پڑھائی کرنے کی گنجائش ہوتی ہے ۔جنوبی کینرا میں پی یو ای کے ڈپٹی ڈائریکٹر سی ڈی جینّا نے بتایا کہ ” امسال نئے پی یو کالج شروع کرنے کے لئے کُل 14 اداروں نے درخواست دی تھی ۔ مگر اب تک صرف 2 اداروں کو اجازت دی گئی ہے جس میں سے ایک ادارہ مسلم منیجمنٹ والا ہے ۔ بقیہ 12 درخواستیں ابھی التوا میں پڑی ہیں کیونکہ ابھی ان کی طرف سے ضروری دستاویزات جمع نہیں کروائے گئے ہیں ۔ جن دو اداروں کو اجازت دی گئی ہے وہ گروپورا کے پاس واقع سہارا پی یو کالج اور سبرامنیا کے پاس واقع کمارا سوامی پی یو کالج ہے ۔ بقیہ 12 اداروں کو قانون کے مطابق اجازت دی جائے گی ۔” محکمہ تعلیمات کے ذرائع کے مطابق 10 دن پہلے ہی دو کالجوں کو اجازت دی گئی ہے ان میں سے صرف سبرامینا میں واقع کالج میں امسال پی یو فرسٹ ایئر کورس شروع کیا جا سکے گا ۔ اب اگر ایک ہفتے کے اندر دوسرے اداروں کو اجازت دی جاتی ہے تو پی یو سال اول کی پڑھائی شروع کی جا سکے گی ورنہ پھر انہیں اگلے سال تک انتظار کرنا پڑے گا ۔ خیال رہے کہ پی یو کورس کے لئے داخلہ جولائی کے آخر تک جاری رہے گا جبکہ ابھی پی یو سپلیمنٹری امتحان کے نتائج کا اعلان ہونا باقی ہے ۔
