دہلی:۔ ریلوے کے وزیر اشونی وشنو نے جمعہ کو پارلیمنٹ میں بتایا کہ مسلح افواج میں قلیل مدتی بھرتی کے لیے اگنی پتھ اسکیم کے خلاف ملک گیر احتجاج کی وجہ سے 15 جون سے 23 جون کے درمیان 2000 سے زیادہ ٹرینیں منسوخ کی گئی تھیں۔وشنو نے راجیہ سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں یہ جانکاری دی۔ انہوں نے کہا کہ اگنی پتھ اسکیم کیخلاف ملک بھر میں مظاہروں کی وجہ سے 15 جون سے 23 جون کے درمیان 2132 ٹرینیں منسوخ کی گئیں۔وشنو نے یہ بھی کہا کہ مسلح افواج میں بھرتی کے لیے اگنی پتھ اسکیم کی مخالفت کے نتیجے میں عوامی اشتعال کی وجہ سے ٹرین کی خدمات میں خلل پڑنے کی وجہ سے مسافروں کو واپس کی گئی رقم کے بارے میں کوئی علیحدہ ڈیٹا نہیں رکھا جاتا ہے،تاہم14 جون، 2022 سے 30 جون، 2022 کے دوران اگنی پتھ اسکیم کے خلاف احتجاج کی وجہ سے ٹرین کی منسوخی کی وجہ سے تقریباً 102.96 کروڑ روپے واپس کئے گئے۔ اس کے علاوہ احتجاج کی وجہ سے ریلوے کی املاک کو 259.44 کروڑ روپے کا نقصان بھی ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام متاثرہ ٹرین کی سروس جو اگنی پتھ اسکیم کیخلاف احتجاج کی وجہ سے منسوخ کی گئی تھیں، بحال کر دی گئی ہیں۔فوج میں قلیل مدتی بھرتی کیلئے جاری کی گئی اسکیم ’اگنی پتھ ‘ کے خلاف پر اشتعال احتجاج ملک کے کئی حصوںبشمول یوپی ، بہار ، تلنگانہ، ہریانہ میں ہوئے تھے ۔
