محمدفاضل کے قتل کے معاملے میں تمام زاویوں سے تحقیقات کی جارہی ہے:اے ڈی جی پی الوک

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر

منگلورو:سورتکل میں جمعرات کی رات کو ہونےوالے قتل کی واردات میں ہلاک ہونے والے محمد فاضل کے قتل کے سلسلے میں تمام زاویوں سے تحقیقات کی جارہی ہے۔اس بات کی اطلاع کرناٹکا پولیس کے اے ڈی جی پی( لاء اینڈآرڈر) الوک کمارنے دی ہے۔انہوں نے محمد فاضل کی تجہیز وتدفین کے دوران موقع پر پہنچ کر حالات کاجائزہ لیا ،اس کے بعدنامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ محمد فاضل کا قتل کس وجہ سے ہواہے اور قاتلوں کامنشاء کیاتھا،یہ سب تحقیقات جاری ہیں،ہم ہر زاویوں سے چھان بین کررہے ہیں۔محمد فاضل کے قتل کے سلسلے میں سوشیل میڈیا پرکئے جارہے تبصروں کے تعلق سے جب نامہ نگاروں نے سوال کیا تو انہوں نے کہاکہ ہم اس تعلق سے کسی بھی طرح کا تبصرہ نہیں کرینگے،ہماری تحقیقات چل رہی ہے اورجلدہی ہم قصورواروں کوگرفتار کرینگے۔جنہوں نے غلطی کی ہے اُنہیں سزا ضرور ملے گی ،مگر کوئی بھی سوشیل میڈیا پر غلط تبصرے نہ کرے۔دریں اثناء آج صبح محمد فاضل کی تجہیز وتدفین کی گئی۔شہرکے منگل پیٹ کی محی الدین جمعہ مسجد کے احاطے میں محمد فاضل کی میت آخری دیدارکیلئے لائی گئی تھی،جہاں پر ہزاروں لوگوں نے ان کا آخری دیدارکیا،اس کے بعد مسجدکے احاطے میں نمازِجنازہ اداکی گئی۔اس موقع پر پولیس کا سخت پہراتھا۔واضح ہوکہ محمد فاضل کو جمعرات کی رات کو نامعلوم شدت پسندوں نے ہتھیاروں سے مارکر قتل کیاتھا۔اس وقت منگلوروکے چھ پولیس تھانوں کے حدودمیں امتناعی احکامات جاری کئے گئے ہیں،جبکہ پورے ضلع میں شام چھ بجے کے بعد تمام تجارتی مراکز بندکرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔شہرمیں یکم اگست تک شراب کی خریدوفروخت پر بھی پابندی لگائی گئی ہے۔