منگلورو:۔جنوبی کینرامیں پچھلے دنوں ہونے والے قتل کے معاملات کے بعد آج ڈپٹی کمشنر دفترمیں پیس میٹگ کا اہتمام کیاگیاتھا جس میں مسلم تنظیموں نے کھلےعام بائیکاٹ کرتے ہوئے اس میٹنگ میں شرکت نہیں کی،جبکہ مسلم سینٹرل کمیٹی کی جانب سے کمیٹی کے صدرکے ایس محمد مسعودکے گھر پر مسلم تنظیموں اور اداروں کے نمائندوں نے ایمرجنسی میٹنگ کا اہتمام کرتے ہوئے اس بات کااعلان کیاکہ بلارے کے محمد مسعود اور منگل پیٹ کےمحمد فاضل کے لواحقین کو30-30 لاکھ روپیوں کامعاوضہ مسلمانوں کی جانب سے دیاجائیگا،اس کے علاوہ اس کے اہل خانہ کو قانونی امداددینے کا فیصلہ بھی لیاگیاہے۔سینٹرل کمیٹی کے صدر کے ایس محمد مسعودنے اس موقع پر مہلوکین کے اہل خانہ کو تعزیتی پیغام دیتے ہوئے کہاکہ وہ غم نہ کریں،اُمت مسلمہ ان کے ساتھ ہے اور اللہ تعالیٰ ان کے بچوں کو بلنددرجات عطا کرے۔اس نشست میں ودھان سبھاکے اپوزیشن لیڈر یوٹی قادر،سابق رکن اسمبلی محی الدین باوا،سینٹرل کمیٹی کے نائب صدر ابراہیم کوڑیجال،بی ایم ممتاز علی،کے اشرف،حنیف بند،سیداحمد باشاہ تنگل وغیرہ موجودتھے۔واضح ہوکہ آج جنوبی کینراکے ڈپٹی کمشنرنے حالات کےمدِ نظرضلع کے اہم تنظیموں اور شخصیات کو پیس میٹنگ کیلئے بلایاتھا،لیکن حکومت کی طرف سے برتے جارہے تعصب کے مدِ نظر مسلم تنظیموں اور شخصیات نے اس میٹنگ کا بائیکاٹ کیا،بائیکاٹ کرنےو الوں میں مسلم سینٹرل کمیٹی،پی ایف آئی،دکشن کنڑا مسلم سنگھٹن وکوٹا، مسلم تاجروں کی تنظیم،مسلم جسٹس فورم کرناٹکا شامل ہیں۔
