میسورو:۔کانگریس پارٹی نے اس ملک کو آزادی دلائی اور ہمیں یہاں آزادی سے زندگی گزارنے کا موقع دیا ہے ، مگر اس ملک کیلئے بی جے پی جیسی بدعنوان اور فرقہ پرست پارٹی نے کیا دیاہے؟یہ سوال سابق وزیراعلیٰ و اپوزیشن لیڈر سدارامیانے کیا۔انہوں نے یہاں تعلقہ کے الوالامیں چامنڈیشوری اسمبلی حلقے کے الوالااور جئے پورہ بلاک کانگریس کمیٹی کے زیر اہتمام گزشتہ روز منعقدہ آزادی کا امرت مہواتسو کی پدیاترا کا آغاز کرنے کے بعد کہاکہ آزادی حاصل ہوئے75سال کا عرصہ گزرچکاہے ۔ آزادی سے قبل انگریزوں نے اس ملک میں 200سال تک حکومت کی ہے۔کانگریس پارٹی کا قیام 1885میں ڈاکٹر ہیومیان نے عمل میں لایاتھا،اس وقت سے 1947 تک مسلسل 62سال تک کانگریس پارٹی نے آزادی کیلئے جدوجہد کی او ر ہمیں آزادی دلائی۔بال گنگادھر تلک،گوپال کرشناگوکھلے ، سبھاش چندر بوس،سردار ولبھ بھائی پٹیل، مہاتما گاندھی ، جواہرلعل نہروکے علاوہ دیگر کئی قائدین نے اس ملک کیلئے اپنا تن من دھن سب کچھ قربان کیاہے۔آج ہمیں یہ آزادی نصیب ہوئی ہے تو وہ کانگریس پارٹی کی بدولت ہی ہے۔ہندو،مسلم،سکھ عیسائی کے علاوہ تمام طبقات کے لوگوں کی متحدہ جدوجہد کے نتیجے میں ہمیں یہ آزادی ملی۔مگر افسوس کہ موجودہ حکومت ملک کو ترقی کی جانب آگے بڑھانے اور عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کی بجائے ملک کے عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈال کر ملک کے اکثر سرکاری اداروں کو پرائیویٹ والوں کے حوالے کرکے ملک کی ترقی میں رکاوٹ کھڑی کررہی ہے اور ملک کے عوام کو مشکل میں ڈال دیاہے۔ بدعنوان اور عوام دشمن مرکزی اور ریاستی حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنے اور کانگریس کو اقتدار پر لانے کیلئے ہر ایک کو جدوجہدکرنی ہوگی۔
