بنگلورو:۔کرناٹکا ہائی کورٹ نے آج ایک اہم فیصلہ سنایاہے جس میں سال2016 میں قائم شدہ اینٹی کرپسن بیورویعنی اے سی بی کو منسوخ کرنے کیلئے احکامات جاری کئے ہیں،اس کے علاوہ تمام اے سی بی پولیس تھانوں کو لوکاآیکتہ کے حوالے کرنے کیلئے بھی احکامات دئیے ہیں اور اے سی بی کولوکاآیکتہ کے ماتحت کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔اس سلسلے میں عدالت نے مزید بتایاکہ اے سی بی کے ذریعے سے چلائے جارہے تمام مقدمات کولوکاآیکتہ کے حوالے کیاجائے۔سال2016 میں اے سی بی کی تشکیل ہوئی تھی اور اسے کرناٹکا لوکاآیکتہ کے اختیارات دئیے گئے تھے،اس سلسلے میں سماجی کارکن ایس آر ہیرے مٹھ نے کرناٹکاہائی کورٹ میں عوامی مفادِعامہ( پی آئی ایل) درج کروائی تھی جس کے تحت عدالت نے اس معاملے کی شنوائی کرتے ہوئے کہاکہ اب اے سی بی کو آزاد اختیارات نہیں ہونگے،بلکہ اسے لوکاآیکتہ کے ماتحت کام کرناہوگا۔عدالت نے لوکاآیکتہ کو اس کے اختیارات دوبارہ جاری کئے ہیں اور اے سی بی کو اس کے ماتحت لایاہے۔عدالت کے اس فیصلے کے بعد وزیر اعلیٰ بسواراج بومئی نے کہاکہ ہم اس معاملے میں قانونی رائے لیکر اقدامات اٹھائینگے۔
