ہبلی میں کانگریس کارکنان نے آر ایس ایس دفتر پہنچ کر دیا قومی پرچم ؛ کہا، اصلی محب وطن ہوں تو اپنے دفتر میں قومی پرچم لہرائیں

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
ہبلی:۔کانگریس کارکنوں نے ہبلی کے ہیگیری کے آر ایس ایس دفتر پہنچ کر عہدیدار کیشو کنجا کو کھادی سے بنا قومی پرچم  پیش کیا اور کہا کہ اگر وہ اپنے آپ کو اصلی حب الوطن سمجھتے ہیں تو ہمارے دئے گئے قومی پرچم کوقبو ل کرکے اپنے دفتر میں  لہرائیں۔ جس پر آر ایس ایس کارکن بھڑک اُٹھے اور کچھ ہی دیر میں آر ایس ایس کارکنان اور کانگریس کارکنوںکے  درمیان زبانی جھڑپ شروع ہوگئی۔آر ایس ایس لیڈر امرناتھ نے کہا کہ ہمارے پاس قومی پرچم ہے، جو قومی پرچم آپ دیتے ہیں اسے لہرانے کی ہمیں ضرورت نہیں ہے۔ اس پر  ودیا نگر بلاک کانگریس کے صدر راجت اُلّاگدی مٹھ نے کہا کہ "اگر آپ ہمارے دیئے گئے جھنڈے کو قبول کرتے ہیں تو  ہی ہم آپ کو محب وطن کے طور پر تسلیم کریں گے۔”آر ایس ایس لیڈر امرناتھ نے کہا کہ ملک کے شہری ہونے کے ناطے وہ قومی پرچم کا احترام کرتے ہیں اور وہ اسے قومی تہواروں پر لہراتے  بھی ہیں۔اُن کا کہنا  تھا کہ آپ آنکھیں بند کرکے مت دیکھو،  ہم  سال میں دو بار قومی پرچم لہراتے ہیں، انہوں نے یہ بھی کہا کہ قومی پرچم کے معاملے کو تشہیر کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔اس پر راجت نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے تمام عوام سے درخواست کی ہے کہ ہم اپنے سوشیل نیٹ ورکس پر ترنگے جھنڈے کی تصویر کو اپنی پروفائل تصویر بنائیں اور ہم  پچھلے سات دنوں سے اپنے سوشل نیٹ ورکس پر ترنگے کے جھنڈے کی تصویر کو اپنی پروفائل تصویر بنایا ہے۔ لیکن، اب تک، آر ایس ایس نے صرف بھگوا جھنڈے کو ہی  اپنے فیس بک سمیت مختلف سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر رکھا ہے ۔ کافی تو تو میں میں کے بعد  آر ایس لیڈروں نے قومی پرچم قبول کیا۔ جس کے بعد کانگریس کارکنوں نے کھادی کا استعمال کریں اورکھادی بچاؤ کے نعرے لگائے۔ بعد میں کانگریس اور آر ایس ایس دونوں لیڈروں اور کارکنوں  نے بھارت ماتاکی جئے اور وندے ماترم جیسے نعرے لگائے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کانگریس کارکنا ن نے بتایا کہ ملک کو آزاد ہوئے 75 سال ہوچکے ہیں۔ لیکن آر ایس ایس تنظیم جو کہ خود کو انتہائی محب وطن ہونے کا دعویٰ کرتی ہے، نے اب تک ترنگے جھنڈے کو اپنے دفتر میں نہیں لہرایا ہے۔ کانگریس کارکنان کا کہنا تھا کہ بی جےپی ، آر ایس ایس کی اولاد ہے اور یہ  پارٹی  اپنے آپ کو  حب الوطنی  میں سب سے آگے ہونے کا دعویٰ کرتی ہے۔آر ایس ایس اور بی جے پی اپنے آپ کو ایسے پیش کر تے ہیں  جیسے وہی ایک پارٹی ہے جو  ہندوستان  اور ہندو ازم کی بقا کے لیے کام کرتے ہیں، تاہم آر ایس ایس کے لوگ ترنگا جھنڈا کو  قبول نہیں کرتے ۔ان سب  وجوہات کو دیکھتے ہوئے ہی ہم نے آر ایس ایس دفتر پہنچ کر اُنہیں کھادی سے بنا قومی پرچم  پیش کیا تھا۔