دہلی :۔مرکزی وزیر صحت منسکھ منڈاویہ نے منگل کو ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے وزرائے صحت کے ساتھ جائزہ میٹنگ کی۔اس میں انہوں نے پی ایم آیوشمان بھارت اسکیم، ہیلتھ انفراسٹرکچر مشن، ویکسی نیشن مہم اور دیگر موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔مرکزی وزیر صحت نے ٹویٹ کرکے اس کی اطلاع دی۔ میٹنگ میں انہوں نے طبی خدمات کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور نچلی سطح پر عوام پر مبنی صحت خدمات کے نفاذ کو تیز کرنے کے لیے مرکزی فنڈز کے بروقت استعمال کی اپیل کی۔ انہوں نے بلاک کی سطح پر صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور احتیاطی خوراکیں لگانے کی مہم کو تحریک دینے پر بھی زور دیا۔وزارت صحت نے میٹنگ کے حوالے سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ وزیر صحت نے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں پر بھی زور دیا کہ وہ امرت مہوتسو کے تحت عوامی مقامات پر ویکسی نیشن کیمپوں کا انعقاد کرکے کوویڈ 19 ویکسین کی احتیاطی خوراک کی کوریج کو تیز کریں۔انہوں نے یہ مشورہ دیا کہ وہ کوربیویکس ویکسین کی بوسٹر خوراک کی دستیابی کو وسیع پیمانے پر عام کریں اور عوامی مقامات جیسے بس اسٹانڈ، ریلوے اسٹیشن، ہوائی اڈوں، اسکولوں، کالجوں، یاترا کے راستوں اور مذہبی مقامات پر ویکسی نیشن کیمپس کا اہتمام کریں۔ وزارت صحت کے بیان کے مطابق اب تک 12.36 کروڑ احتیاطی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے منڈاویہ نے کہا کہ مرکزی حکومت کا مقصد پورے ملک میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کا ایک کثیرجہتی نیٹ ورک بنانا، اسے وسعت دینا اور مضبوط بنانا ہے۔ اس کے لیے حکومت ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ساتھ تعاون اور تعاون پر مبنی وفاقیت کے جذبے سے کام کر رہی ہے۔
