ریاست میں مزید4سرکاری میڈیکل کالجوں کا قیام ہوگا:سدھاکر

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر

بنگلورو:۔ مارچ 2023تک ریاست کرناٹک میں 4 سرکاری میڈیکل کالجوں کی شروعات ہوجائے گی۔یہ بات ریاستی وزیر برائے میڈیکل ایجوکیشن و ہیلتھ و مقامی رکن اسمبلی ڈاکٹر کے سدھاکر نے تعلقہ کے بیرسندراکے قریب زیر تعمیر سرکاری میڈیکل کالج کا معائنہ کرنے کے بعد کہی۔انہوں نے بتایا کہ سال 2023 ماہ جنوری میں چکبالاپور ضلع کی سرکاری میڈیکل کالج کا افتتاح کیا جائے گا اور اگلے دو ماہ میں ریاست کے ہاویری،یادگیر اور چکمگلورو میں بھی مارچ کے آخر تک سرکاری میڈیکل کالجوں کا افتتاح کیا جائیگا۔حکومت نے بنگلور کے شیواجی نگر میں اٹل بہاری واجپائی میڈیکل کالج کی شروعات کردی ہے اسی طرح ریاست کے موجودہ کالجوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ رام نگرم اور چتردرگہ میں مرکزی نیتی آیوگ کی ہدایات کے مطابق کالجس کی تعمیر کی جائیگی اور ریاست کے دیگر اضلاع میں پی پی پی کے تحت میڈیکل کالجس کی تعمیر کرنے کی کارروائی کی جائیگی۔یہاں کی سرکاری میڈیکل کالج کا تعمیری کام معیاری طور پر جاری ہے اور اطمینان بخش بھی ہے،اس میڈیکل کالج کی تعمیر سے یہاں آروگیہ دھما کا قیام ہوسکے گا جس سے کوئی بھی غریب مریض اچھی و بہتر طبی سہولیات سے محروم نہ رہے۔ہماری حکومت کی بھی یہ تمنا اور کوشش ہے کہ نچلی سطح تک کے لوگوں کو بھی طبی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔