گجرات سے پنجاب لائی جا رہی تھی 38 کلو ہیروئن  ضبط، 2 گرفتار

نیشنل نیوز
چنڈی گڑھ:۔پنجاب پولیس نے گزشتہ روز گجرات سے آنے والے ٹرک کے ٹول باکس میں چھپائی گئی 38 کلو گرام ہیروئن اپنے قبضے میں لے لی۔ پولیس کے ڈائریکٹر جنرل گورو یادو نے کہا کہ ایس بی ایس نگر ضلع کے بالاچور کے رہنے والے دو ٹرک ڈرائیوروں کلوندر رام اور بٹو کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ دو اسمگلروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، جن کی شناخت راجیش کمار اور سوم ناتھ کی حیثیت سے کی گئی ہے۔لدھیانہ رینج کے انسپکٹر جنرل آف پولیس سریندر پال سنگھ پرمار نے کہا کہ پولیس نے ٹرک کو چیک پوسٹ پر رکنے کا اشارہ کیا۔ ڈرائیور نے فرار ہونے کی کوشش کی، لیکن پولیس پارٹی اسے اور اس کے ساتھی کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہو گئی اور ٹرک کے ٹول باکس میں چھپائی گئی ترپالوں میں لپٹی منشیات برآمد کر لی۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بھگیرتھ مینا نے بتایا کہ ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران ٹرک ڈرائیور نے بتایا کہ اسے ٹیلی گرام ایپ کے ذریعے راجیش کمار کی کال موصول ہوئی تھی، جس نے اسے ہیروئن لے کر پنجاب لانے کے کہا تھا اور گجرات کے بھج میں ایک صحیح جگہ بتائی تھی۔ ملزم نے بتایا کہ جب وہ موقع پر پہنچا تو ایک نامعلوم شخص آیا اور اس کے ٹرک میں منشیات لاد دی۔انہوں نے کہا کہ اس سے قبل کلوندر راجیش کمار کی ہدایت پر جنوری میں سری نگر سے 10 کلو اور 20 کلو ہیروئن کی دو کھیپ لے کر آیا تھا اس کے علاوہ دہلی سے بھی 1 کلو ہیروئن لے کر آیا تھا۔ ایس ایس پی نے کہا کہ ملزم راجیش کمار اور سومناتھ کو جلد گرفتار کیا جا سکتا ہے۔ ڈی جی پی یادو نے کہا کہ پولیس نے منشیات اور جرائم کی لعنت کے خلاف زیرو ٹالرنس اپنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی کسی قسم کی سماج دشمن سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا اس کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔