بلقیس بانو کی عصمت دری کے مجرموں کی رہائی کے خلاف ڈبلیو پی آئی کااحتجاج

ڈ سٹرکٹ نیوز سلائیڈر
شیموگہ:۔ویلفیر پارٹی آف انڈیاکی جانب سے بلقیس بانو اجتماعی عصمت دری کیس کے 11 قصورواروں کو رہا کرنے پر گجرات حکومت کے فیصلے کے خلاف احتجاج کیا۔ویلفیر پارٹی شعبے خواتین کی جانب سے یہ احتجاج ہوا،جس میں احتجاجیوں نے ڈپٹی کمشنر کو یادداشت پیش کرتے ہوئے اس بات کا مطالبہ کیاکہ بلقیس بانوکی اجتماعی آبروریزی کرنےو الے مجرموں کو دوبارہ حوالات میں بھیجاجائے۔سنگین گناہ کرنےو الے ان مجرموں کوگجرات حکومت نے جو معافی دی ہے وہ قابلِ مذمت ہے،اس طرح کے واقعات سے مجرموں کے حوصلے بلند ہوجاتے ہیں اور عام لوگوں کو قانو ن پر سے بھروسہ اٹھ جاتاہے۔ واضح رہے کہ گجرات حکومت نے 15 اگست کو سپریم کورٹ کی ہدایت کے بعد ہی تمام 11 قصورواروں کی رہائی کو منظوری دی تھی۔21 جنوری 2008 کو ممبئی میں مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی عدالت نے قتل اور اجتماعی عصمت دری کیس میں 11 ملزمان کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ اس پر 2002 میں بلقیس بانو کے ساتھ اجتماعی زیادتی کا الزام تھا۔ مجرموں نے پندرہ سال سے زیادہ جیل میں گزارے۔ ان پر بلقیس بانو کی ماں اور تین دیگر خواتین کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کا بھی الزام تھا۔احتجاجیوں نے کہاکہ مجرموں کی رہائی غیر آئینی ہے اور وہ اس گھناؤنے جرم کیلئے مجرم کسی بھی طرح کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔اس موقع پر ویلفیر پارٹی کے ضلعی صدر ابوالخیر،شعبہ خواتین کی صدر عائشہ اعجازوغیرہ موجودتھے۔