بچوں کو بھیک مانگنے سے روکنا ہماری ذمہ داری ہے: ڈاکٹر سیلوامنی 

ڈ سٹرکٹ نیوز
شیموگہ: بچوں کو اگر بھیک مانگنے سے گریز نہیں کیا گیا تو یہ ایک سنگین سماجی مسئلہ بن جائیگا۔اس کا انتباہ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹرآر سیلوامنی نے کیا ہے۔ انہوں نے آج ڈائریکٹوریٹ آف چائلڈ پروٹیکشن بنگلور، ضلع انتظامیہ، ضلع پنچایت، محکمہ پولیس، ضلع لیگل سروس اتھارٹی اور دیگر محکموں کے اشتراک سے شہر کے ڈی اے آر ہال میں ـ’’انسداد چائلڈ بیگنگـ‘‘ کی روک تھام والی ٹیم کے ممبران اور ضلع کے تمام ا سٹیشنوں کے چائلڈ سپیشل پولیس افسران کیلئے بھیک مانگنے کی روک تھام اور بحالی سے متعلق تربیتی ورکشاپ کا افتتاح کیا ۔اس دوران ڈپٹی کمشنر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایسے بہت سے معاملات ہیں جہاں کمزور بچوں یا اسمگل کرکے لائے گئے بچوں کو بھیک مانگنے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ آپ کی رحمدلی سے دئے گئے پیسے اس بچے کی زندگی سنوار نہیں سکتے ہیں ۔اس کے بجائے بچہ زندگی بھر بھکاری بنے رہنے کا زیادہ امکان رہتاہے۔ اس لیے بچوں کو بھیک مانگنے سے روکنا ہماری ذمہ داری ہے۔ اس سلسلے میں مختلف محکموں کے افسران کیلئے یہ مناسب ہے کہ اسطرح کی ورکشاپ کا انعقاد کیا جائے۔مزید انہوں نے کہا کہ شہر میں بھی ہم بچوں کو بھیک مانگتے ہوئے اور اسمگلنگ کرتے دیکھ رہے ہیں۔ یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ بچوں کو سماج دشمن بننے سے پہلے بیدار کریں اور انہیں ہر قسم کا آئینی تحفظ، حقوق اور سہولیات فراہم کرکے ذمہ دار شہری بنائیں۔ انہوں نے حکام سے کہا کہ وہ اس سلسلے میں متحرک رہیں اور بچوں کو بھیک مانگتے دیکھ کر چلڈرن ہیلپ لائن 1098 پر کال کرکے ان کی مدد کریں۔ انہوں نے تمام لوگوں سے درخواست کی کہ وہ ضلع کو بھیک مانگنے والے بچوں سے پاک بنانے میں تعاون کریں۔چائلڈ ویلفیئر کمیٹی کی صدر ریکھا بی ایم نے کہا کہ جووینائل جسٹس ایکٹ کے مطابق بچوںکا بھیک مانگنا ایک سنگین جرم ہے۔ 7 سال قیدکے بعد 5 لاکھ روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔ اگر بچوں کو معذوربناکر بھیک مانگنے پر مجبور کیا جائے تو انہیں عمر قید اور جرمانے کی سزا دی جائے گی۔ جب کمزور طبقے کے بچے اور خواتین بھیک مانگتے ہوئے نظر آئیں تو ان پر رحمدلی دکھانے کے بجائے ان لوگوں پر کڑی نظر رکھی جائے اور پولیس، چائلڈ ویلفیئر کمیٹی یا چائلڈ ہیلپ لائن 1098 پر کال کرکے انہیں ضروری قانونی تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ انہیں عارضی پناہ اور بحالی فراہم کی جائے گی۔ بھیک مانگنے کو معمولی بات سمجھ کر نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس کے پاس خصوصی اختیار ہے کہ وہ بغیر کسی وارنٹ کے ایسے لوگوں کو گرفتار کر کے کارروائی کرے ۔اس کے ساتھ ہی اسی مجلس میں بچوں کی بھیک مانگنے کی روک تھام کے حوالے سے ایک پمفلٹ بھی جاری کیاگیا۔ خواتین اور بچوں کی ترقی کے محکمہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر سریش جی جی نے خیرمقدم کیا۔