وزیر اعظم مودی نے ’آئی این ایس وکرانت‘ قوم کے نام وقف کیا

سلائیڈر نیشنل نیوز
کوچی:۔سابق وزیر دفاع اے کے انٹونی نے جس کی بنیاد رکھی تھی آج وزیر اعظم نریندر مودی نے پہلے مقامی طیارہ بردار بحری جہاز آئی این ایس وکرانت کوملک کے نام وقف کیا جس کے ساتھ ہی یہ باقاعدہ طورپر بحریہ کے بیڑے میں شامل ہو گیا۔ آج کا دن بحریہ کے لیے ایک تاریخی دن ہے کیونکہ 25 سال بعد وکرانت ایک بار پھر ایک نئے روپ میں اور نئی طاقت کے ساتھ بحریہ کا فخر بن گیا ہے۔ وکرانت کا مطلب ہے فاتح، بہادر اور ممتاز۔وکرانت ہندوستان میں بنایا گیا اب تک کا سب سے بڑا جنگی جہاز ہے اور اسے بنانے میں 20 ہزار کروڑ سے زیادہ کی لاگت آئی ہے۔ یہ ہندوستانی بحریہ کے لیے پہلا مقامی طور پر ڈیزائن اور بنایا ہوا طیارہ بردار بحری جہاز بھی ہے۔ اس کے ساتھ ہی بحریہ کے پاس دو طیارہ بردار بحری جہاز ہوگئے ہیں اور اس کی فائر پاور کئی گنا بڑھ گئی ہے۔ اس طیارہ بردار جہاز کی تعمیر کے ساتھ ہی ہندوستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہو گیا ہے جو طیارہ بردار بحری جہاز بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔جہاز میں استعمال ہونے والا 76 فیصد سازوسامان گھریلو کمپنیوں کے ذریعہ بنایا گیا ہے۔ بحر ہند میں ہندوستان اورزیادہ مضبوطی یکے ساتھ اپنی موجودگی درج کرائیگا۔