شیموگہ : عام آدمی پارٹی گرام پنچایت انتخابات سے لے کر اسمبلی انتخابات تک لڑنے کے لئے تیار ہے اسکے لئے پارٹی نے تیاریاں شروع کی ہیں ، اس بات کا اظہار عام آدمی پارٹی کے رہنماء اڈوکیٹ دیواکر نے کیا ہے ۔ شیموگہ میں پارٹی آفس کا افتتاح کرنے کے بعد انہوںنے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم آنے والے تمام انتخابات کے لئے تیاریاں شروع کرچکے ہیں اور عوام کے درمیان ایک طاقت بن کر ابھرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ شیموگہ میں فرقہ وارانہ مدعوں کو لے کر جس طرح سے حکومت عوام کے درمیان اختلافات پیدا کررہی ہے اس پر لگام کسی جائیگی اور ترقیاتی معاملوں کو بڑھاوا دیا جائیگا ، بھدراوتی صنعتوں کا شہر ہے ، اگر ریاست میں ہم اقتدار میں آتے ہیں یہاں کی صنعتوں کو دوبارہ شروع کیا جائیگا ۔ اس موقع پر عام آدمی پارٹی کے ریاستی صدر پرتھوی ریڈی نے بتایا کہ کرناٹکا کی
حکومت کو 40 فیصد کمیشن والی حکومت کا دھبّہ لگ چکاہے ، ہر طرف بدعنوانی عام ہوچکی ہے ، ریاست میں تین مضبوط سیاسی پارٹیاں ہونے کے باوجود تینوں کے کام کرنے کا طریقہ کار ایک جیسا ہے اورتینوں ایک سکے کے الگ الگ رخ ہیں ۔ عام آدمی پارٹی عوام کے لئے متبادل پلاٹ فارم بن کر ابھریگی ۔ اس موقع پر ریاستی لیڈر مکھیہ منتری چندرو نے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت بھارت میں اگر نریندر مودی کو کوئی چیلنج کررہا ہے تو وہ صرف عام آدمی پارٹی ہے ، اروند کیجریوال نے دہلی میں جو حکومت قائم کی ہے وہ ساری ریاستوں کے لئے مثال ہے ، وہاں بغیر کسی کمیشن کی حکومت چلائی جارہی ہے جس کی وجہ سے دہلی میں ترقیاتی کام بہترین انداز میں ہورہے ہیں ۔ حالانکہ بی جے پی نے عام آدمی پارٹی کے لیڈروں کو بھی خریدنے کی کوشش کی ہے لیکن عام آدمی پارٹی بکنے والوں کی پارٹی نہیں ہے۔
