شیموگہ:۔ٹمکور۔ شیموگہ فوروے نیشنل ہائی وے تعمیر کیلئے 47.6397کروڑ کی امدادکی منظوری کیلئے مرکزی وزیر برائے لینڈٹرانسپورٹ نتن گڈکری کو تجویز پیش کی گئی تھی، وزیر موصوف سے منظوری ملنے کے پیش نظراس منصوبے کو جلد ہی مکمل کرلیا جارہا ہے۔اس بات کا اظہارکن پارلیمان بی وائی راگھویندرا نے کیا ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں بتایا کہ ٹمکور ۔شیموگہ کے درمیان 5 بڑے پل ، 66 ریلوے انڈرپاس اور اوور برڈج اور 7 جگہوں پر بائی پاس کی تعمیر شامل ہوگی۔اس منصوبے کے نفاذ سے بنگلورو سے ملناڈ کارابطہ بہت آسان ہوگا اور کم سے کم وقت میں سفرکرنے میں آسانی فراہم ہوگی۔رکن پارلیمان نے کہا کہ حال ہی میں مرکزی وزیرسے کی گئی ملاقات کے دوران منصوبے کیلئے پہلے ہی مختص کردہ امداد کی مددسے سڑک کی تعمیر ، زمین کا حصول اور دیگر اخراجات کیلئے 1796.24 کروڑ روپے کی اضافی لاگت کا مطالبہ کیا گیا ہے۔اس پس منظر میں مرکزی وزیربھارت مالامنصوبے کے تحت جملہ طور پر منصوبے کے نفاذ کیلئے47.6397کروڑ روپئے منظور کئے ہیں جس کیلئے رکن پارلیمان نے مرکزی وزیر کا شکریہ ادا کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر چار پیکجوں پریہ کام جاری ہے۔بیٹاداہلی(تریکرے)سے شری رام پور(شیموگہ) پیکیج میں 56.335 کلومیٹر ترقی ہوچکی ہے۔ اس کے علاوہ 33 کلومیٹر سروس روڈ، تنگااور بھدرا ندی کے اوپر 3 بڑے پلوں کی تعمیر ، 20 انڈر پاس اور اوور پاس برڈج ، شیموگہ میں 14.74 کلومیٹر اور تریکرے میں 9 کلومیٹر بائی پاس روڈ، رنگا پورہ گاؤں میں ٹول پلازہ کی تعمیرکی جائیگی ۔ اس پیکیج کیلئے ابتداء میں 1331.77کروڑکا اندازہ لگایا گیاہے۔ متوقع نظرثانی کرنے پر 2082.98 کروڑ روپے کی لاگت آنے کی بات کہی گئی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ شاہراہوں کی تعمیر کے ذریعے ملکی ترقی اور سیاحت کو فروغ دینے کا خواب پوراہوگا۔
