دنیا بھر میں منکی پوکس کے معاملوں کی تعداد 70 ہزار سے زیادہ، اب تک 26 افراد ہلاک

انٹرنیشنل نیوز

دنیا بھر میں منکی پوکس کے معاملوں کی تعداد 70 ہزار سے زیادہ، اب تک 26 افراد ہلاک
جنیوا: منکی پوکس کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور عالمی سطح پر اب اس وبا کے کیسز کی تعداد 70000 سے تجاوز کر چکی ہے۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے اعلان کیا کہ نئے کیسز میں کمی کا مطلب یہ نہیں ہے کہ لوگ منکی پوکس کے خلاف احتیاطی تدابیر ترک کر دیں۔ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ امریکہ میں کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ تنظیم نے نشاندہی کی کہ اگر دنیا نئے کیسز میں کمی دیکھتی ہے تو یہ منکی پوکس کی لہر کے لیے سب سے خطرناک وقت ہو سکتا ہے۔اے ایف پی کے مطابق ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس گیبریئس نے کہا کہ رواں سال منکی پوکس کے 70 ہزار سے زائد کیسز درج کئپے گئے ہیں اور اس کی وجہ سے اب تک 26 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ جنیوا میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں کیسز میں کمی کا سلسلہ جاری ہے تاہم گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 21 ممالک میں کیسز میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ یہ اضافہ بنیادی طور پر ریاستہائے متحدہ میں دیکھا گیا، جو پچھلے ہفتے رپورٹ ہونے والے تمام کیسز میں سے تقریباً 90 فیصد تھا۔دریں اثنا، ایکواڈور میں منکی پوکس کے 43 نئے تصدیق شدہ کیسوں کے ساتھ ہی ملک میں تصدیق شدہ معاملات کی مجموعی تعداد بڑھ کر 185 ہوگئی ہے۔ جاری ایک بیان میں وزارت صحت عامہ نے کہا کہ 185 مریضوں میں سے 67 کو اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔ جبکہ 308 رابطوں کے لیے وبائی سرکل بنایا گیا ہے۔