اگلے دومہینوں میں ہوائی اڈےکا کام مکمل ہوگا،افتتاح کیلئے وزیر اعظم مودی کی آمدکاامکان: راگھویندرا

ڈ سٹرکٹ نیوز سلائیڈر
شیموگہ:۔دسمبریا جنوری کے مہینے میں شیموگہ کے ہوائی اڈے کی افتتاح کیلئے وزیر اعظم نریندرمودی کا شیموگہ آنے کاامکان ہے،اگلے دومہینوں میں اس ہوائی اڈے کے تعمیری کام کی تکمیل ہوگی۔اس بات کااظہار رکن پارلیمان بی وائی راگھویندرا نے کیا ہے ۔ انہوں نے آج شیموگہ کےتعمیراتی کاموں کا جائزہ لینے کیلئے بلائی گئی نشست کے دوران اسمارٹ سٹی کے ایم ڈی چدانند واٹارے کوہدایت دیتے ہوئے کہاکہ وزیر اعظم نریندرمودی کے خوابوں کی تعبیر اسمارٹ سٹی کے تعمیراتی کاموں میں کسی بھی طرح کی خامی برداشت نہیں کی جائیگی،اگر کوئی ٹھیکدار لاپرواہی برتتا ہے تو ایسے ٹھیکدار کو فنڈس منظورنہ کریں۔دسمبر یا جنوری میں وزیر اعظم نریندر مودی کی آمد ہے،اس لحاظ سے اسمارٹ سٹی منصوبے میں کوئی خامی نہ ہو ۔ اس دفعہ توقع سے زیادہ بارش ہوئی ہے،کہاں پانی بہہ رہاہے اور کہاں رُک رہاہے اس کااندازہ ہوچکا ہے ،اسی لحاظ سے نالیوں اور سڑکوں کی تعمیر اور مرمت کی جائے ۔ انہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ کئی مقامات پر سڑکوں پر کھڈے ہوئے ہیں،اُنہیں پُر کیا جا ئے ۔ شہر میں زیر تعمیر ریلوے اوور برڈج کی جگہ پر عوام کی آمدورفت میں مشکلات نہ ہوں اس کیلئے متبادل انتظامات کئے جائیں اور ریلوے افسروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیاجائے۔وینوبانگر،سولنگا روڈ، ودیانگر میں  ریلوے اووربرڈج کی تعمیر ہورہی ہے، اس علاقے سے گذرنے والی سواریوں اور لوگوں کیلئے جو سڑکیں بنائی گئی ہیں اُنہیں پختہ کیاجائے اور عوام کو پریشان نہ کیاجائے۔اس دوران انہوں نے اسمارٹ سٹی کے ایم ڈی چدانندواٹارے سے پوچھا کہ جو ٹھیکدار اسمارٹ سٹی منصوبے کے تعمیراتی کاموں میں لاپرواہی برت رہے ہیں ان کے خلاف کیا کارروائی کی گئی ہے؟،ہر تعمیری کام کے اختتام کے بعد اُس کام کا کم ازکم تین دفعہ معائنہ کیا جا ئے  ، اس کے بعد ہی اُنہیں رقم منظورکی جائے۔اس پرایم ڈی چدا نند واٹارے نے بتایاکہ اب تک کسی بھی تعمیراتی منصوبے کو اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے حوالے نہیں کیا گیاہے،اس کے علاوہ تعمیراتی کام مکمل ہونے کے بعد پانچ سالوں تک اُس پروجیکٹ کے مینٹینس کی ذمہ داری ٹھیکدار کو دی گئی ہے،اگر کم وپیشی ہوتی ہے تو ٹھیکداراس کام کو مکمل کرنے کیلئے ذمہ دار ہوگا۔مزید انہوں نے کہاکہ اسمارٹ منصوبے کے تحت اب تک جغرافیائی لحاظ سے83.80فیصد اور مالی اعتبار سے 76فیصد کام مکمل ہواہے،اس کیلئے مرکزی حکومت کی جانب سے414 کروڑ روپئے اور ریاستی حکومت کی جانب سے404 کروڑ روپئے منظور ہوئے ہیں۔اس دوران مئیر سونیتا انپانے کہاکہ اب تک اسمارٹ سٹی کا کوئی بھی پروجیکٹ کارپوریشن کے ماتحت نہیں لیا گیا ہے،کام مکمل ہونے اور معیارہونےپرہی اسے اپنی تحویل میں لیاجائیگا ورنہ اس کیلئے کوئی موقع نہ رہے گا۔