پی ایف آئی کے رکن محمد زید کو پولیس ریمانڈ میں دے دیا گیا

سلائیڈر نیشنل نیوز
ممبئی:۔ایودھیا پولیس اب پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) کے رکن محمد زید سے پوچھ گچھ کرے گی۔ محمد زید کو ایودھیا سے گرفتار کیا گیا تھا۔ این آئی اے عدالت نے زید کا پولس ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔ عدالت نے ان کو چار روز کے لئے پولیس کی ریمانڈ میں بھیج دیا ہے جہاں ان سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔ ایودھیا پولیس محمد زید کو آج صبح 11 بجے سے لکھنؤ جیل سے اپنی تحویل میں لے لی ہے۔دراصل ایودھیا پولیس نے ریمانڈ کے لیے این آئی اے کورٹ میں عرضی داخل کی تھی۔ پولیس نے درخواست دائر کرتے ہوئے پولیس ریمانڈ کی اپیل کی۔ ریمانڈ پر سماعت مکمل ہونے کے بعد این آئی اے لکھنؤ کی عدالت نے ایودھیا سے گرفتار کیے گئے محمد زید کو 4 دن کی پولس تحویل میں دے دیا ہے۔ حالانکہ پی ایف آئی نے ان تمام الزامات کی تردید کی ہے جس کی بنیاد پر حکومت نے تنظیم پر پابندی عائد کی ہے اور ان کے کارکنان کو گرفتار کیا ہے۔واضح رہے کہ 28 ستمبر کو مرکزی حکومت نے پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) اور اس کی ذیلی تنظیموں یا ملحقہ اداروں یا طلبہ ونگ پر پانچ سال کی مدت کے لیے فوری طور پر پابندی عائد کر دی ہے۔ پی ایف آئی کے علاوہ ری ہیب انڈیا فاؤنڈیشن (آر آئی ایف)، کیمپس فرنٹ آف انڈیا (سی ایف آئی)، آل انڈیا امام کونسل (اے آئی آئی سی)، نیشنل کنفیڈریشن آف ہیومن رائٹس آرگنائزیشن (این سی ایچ آر او)، نیشنل ویمن فرنٹ، جونیئر فرنٹ، ایمپاور انڈیا فاؤنڈیشن اور ری ہیب فاؤنڈیشن جیسی تنظیموں پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔