پریاپٹن:۔ جنتادل (ایس) ریاستی یوا یونٹ کے صدر نکھل کمار سوامی نے کہا کہ ان کا خاندان پہلے سے بھی تمباکو کاشتکاروں کی جدوجہد کی حمایت کرتا آرہا ہے اور پارٹی ریاست کے تمباکو کاشتکاروں کے ساتھ نا انصافی ہونے نہیں دے گی۔ پریا پٹن کے کگنڈی تمباکو نیلامی مارکیٹ میں قیمت میں کمی کے خلاف جنتادل (ایس) کی جانب سے منعقد تمباکو کاشتکاروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نکھل کمار سوامی نے اس خیال کا اظہار کیا۔ انہو ں نے کہا کہ تمباکو بولی دہندگان کمپنیوں کو کسانوں کی ضرورت ہے نہ کہ کسانوں کو کمپنیوں کی،اس کے باوجود کمپنیاں کسانوں سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتی ہیں۔ انہو ں نے بتایا کہ آنے والے دنوں میں ایچ ڈی کمار سوامی تمبا کو کاشتکاروں کے احتجاج میں حصہ لیں گے۔ انہو ں نے بتایا کہ سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے حصہ نہیں لے سکتے۔ اس موقع پر اجلاس میں غیر حاضر سابق وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے بذریعہ موبائل کاشتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں پر لاٹھی چارج قابل مذمت ہے۔ رکن اسمبلی کے مہادیو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کے ساتھ کسی بھی حالت میں نا انصافی ہونے نہیں دیا جائے گا۔ گزشتہ ہفتہ مارکیٹ کے دورہ کے دوران خریداری اور کمپنیوں کے افسروں کے ساتھ اجلاس کے دوران اچھی قیمت کااشارہ دیا گیا تھا، لیکن اچانک قیمت میں کمی کسانوں کے ساتھ نا انصافی ہے۔ انہو ں نے بتایا کہ آنے والے دنوں میں اچھی قیمت کی امید ہے،اس لئے کسان متحدہ طو رپر جدوجہد جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ چند سیاستدانوں کے ساتھ خفیہ معاہدہ کرکے قیمتو ں میں کمی کا موقع نہیں دیا جائے گا۔ مائی مل کے صدر پرسنا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمباکو کی بہترین قیمت کا واحد راستہ مارکیٹ کے لئے راست غیر ملکی سرمایہ (ایف ڈی آئی) ہے۔ ورنہ مقامی کمپنیاں کسانوں کے ساتھ کھلواڑ جاری رکھیں گی۔ تمباکو بورڈ کے آر ایم او لکشمن راؤ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسان خوفزدہ نہ ہوں، آنے والے دنوں میں تمباکو کیلئے بہتر قیمت ادا کی جائیگی۔
