بیدر: بھیانک سڑک حادثہ میں 7 مزدور خواتین ہلاک – 11 زخمیوں میں 2 کی حالت نازک

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر

بیدر:۔ بیدر سے 50 کلو میٹر دوری پر بیملکھیڈا گاوں میں کل دیر شام میں پیش آئے ایک بھیانک سڑک حادثہ میں زرعی مزدوری کرنے والی 7 خواتین ہلاک ہوگئیں اور 11 مزدور زخمی ہوگئے جن میں سے 2 کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ اودمنلّی گاوں کے رہنے والے مزدور جب کھیتوں میں کام ختم کرکے تین پہیہ آٹو رکشہ پر واپس اپنے گاوں لوٹ رہے تھے تو ایک تیز رفتار ٹیپّر ٹرک نے رکشہ کو ٹکر ماری۔ زخمی ہونے والوں میں آٹو رکشہ اور ٹیپّر ٹرک کے دونوں ڈرائیورس شامل ہیں۔ بیدر ڈپٹی کمشنر گووندا کی جانب سے فراہم کی گئی تفصیل کے مطابق "بیلمکھیڈا کرناٹکا اور تلنگانہ کی سرحد پر واقع گاوں ہے ۔ اس سڑک پر بہت ہی کم حادثات ہوتے ہیں کیونکہ یہاں موٹر گاڑیوں کی آمد و رفت زیادہ نہیں ہوتی ۔ یہاں فارم کے مالکان مزدوروں کے لئے سواری کا انتظام کرتے ہیں اور صبح کے وقت انہیں گاوں سے کھیتوں کی طرف لے جاتے ہیں ۔ پھر شام کو کام ختم ہونے کے بعد انہیں واپس گھروں تک لاتے ہیں ۔ عام طور پر مزدوروں کو لانے اور لے جانے کیلئے آٹو رکشہ کا ہی انتظام کیا جاتا ہے ۔ ڈرائیوروں کی بے پروا ڈرائیونگ کی وجہ سے اتنے سارے معصوم افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔