شیموگہ:۔ حال ہی میں رائل آرکیڈ ہوٹل کے قریب اشوک پربھو نامی راہگیر پر حملہ کرنے والے اسلم عرف چور اسلم کو دوڈاپیٹے پولیس تھانے کے پی ایس آئی وسنتھ نے پیر پر گولی مار کر گرفتار کرلیاہے۔اس تعلق سے ایس پی متھون کمارنے نامہ نگاروں کوتفصیلات دیتے ہوئے کہاکہ دوڈاپیٹے پولیس کو ملی اطلاع کی بنیادپرپُرلے کے راشی ڈیولپرس لے آئوٹ میں ملزم اسلم ہونے کی اطلاع ملی تھی جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے چھاپہ مارا،لیکن ملزم اسلم نےپولیس کانسٹیبل رمیش پر چاقو سے حملہ کرنے کی کوشش کی ، جس کے جواب میں پی ایس آئی وسنتھ نےکانسٹیبل رمیش کی جان بچانے کے لیے اسلم کی ٹانگ میں گولی مارکرگرفتارکرتے ہوئے ملزم اسلم کو اسپتال میں علاج کیلئےداخل کیاگیاہے،ساتھ ہی پولیس کانسٹیبل رمیش بھی اس واردات میں زخمی ہوئے ہیں اور انہیں بھی علاج کیلئےاسپتال میں داخل کرایا گیا۔اس معاملے میں جملہ چار ملزمان کی شناخت کی گئی ہے،جس میں A-1اسلم، A-2 آصف بن انور،ساگر کو کل گرفتار کیا گیا ہے،جملہ تین ملزمان کوگرفتارکیاگیاہے مزید ایک کی تلاش جاری ہے۔اس معاملے میں اہم اسلم ہے،جس کے خلاف 9 مقدمات درج ہیں۔ بظاہر یہ چاروں ملزمان مختلف مقدمات میں حصہ لے چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی مکمل معلومات کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے اور چونکہ وہ ضمانت پر باہر آئے ہیں اور دوبارہ اس طرح کے جرائم میں ملوث ہیں، اس لیے ان کی ضمانت منسوخ کرنے کی سفارش کی جائیگی ۔ ایس پی متھون کمارنے مزیدکہاکہ ضلع میں غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث جملہ 23 افرادکو شہربدر(گڑی پار) کرنے کیلئے فہرست تیارکی گئی ہے جن میں سے تین افراد کوشہربدر(گڑی پار) کرنے کیلئے ڈپٹی کمشنر سےمنظوری بھی مل چکی ہے۔ ضلع میں کسی مجرم کو تحفظ دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتابلکہ سخت سے سخت کارروائی کی جائیگی اور ساتھ ہی غنڈہ گردی ایکٹ بھی جلد نافذ کیا جائیگا۔بے روزگاری اور مجبوری کی آڑمیں غیر قانونی سرگرمیوں میں شامل ہوکر جرائم کو انجام دینے والے ایسے افرادکو قانون میں کسی بھی طرح کی رعایت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر اپنی خدمات انجام دے رہی ہےاور جب ان پر حملہ ہوتا ہے تو اپنے دفاع کے لیے ایسی کارروائی ضروری ہے۔
