شیموگہ:۔9نومبر کو ڈاکٹر علامہ اقبال کی یوم پیدائش پر ملک بھرمیں یوم اردو منایا جاتا ہے اور اس موقع پر اسکولوں ،کالجوں، انجمنوں،اردو تنظیموں کی جانب سے مختلف جلسے و تقاریب منعقدکئے جاتے ہیں،لیکن امسال اردو طبقے کی جانب سے جو ش وولولہ صرف سوشیل میڈیا میں ہی دکھائی دے رہاتھا۔سوشیل میڈیامیں یوم اردوکی مبارکبادی کی ترسیل کی جارہی تھی،لیکن شیموگہ شہرمیں یوم اردو کیلئے کہیں بھی تقریب منعقدنہیں ہوئی ہے۔ویسے دیکھاجائے تو انجمن ترقی اردو کرناٹک کی شاخ کا بیج شیموگہ سے ہی نکلاتھا،لیکن آج شیموگہ میں ہی یوم اردو کاانعقادنہیں ہواہے۔البتہ شکاری پور کے گلشنِ زبیدہ تعلیمی اداروں میں بڑے پیمانے پر یوم اردو کا جشن منایاگیا۔شیموگہ کو اردو زبان کے چاہنےوالوں کا شہرکہا جاتا ہے،لیکن اس شہرمیں امسال اردوکے تعلق سے سوکھا پڑگیاہے اور کہیں بھی زمین زرخیز دکھائی نہیں دے رہی ہے۔سوال یہ ہے کہ کیا مسلمان اب صرف سوشیل میڈیاتک ہی محدود ہوچکے ہیں،کم ازکم اردو اداروں کو چاہیے کہ وہ اردو زبان کی عظمت وشان کو عام لوگوں سے روشناس کرانے کیلئے یوم اردو کااہتمام رسمی طورپر ہی کیوں نہ ہو کریں۔
