ٹیپو سلطان کی جدوجہد کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا:بی جے پی لیڈر وشوناتھ

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
بنگلورو:۔ہندو گروپوں کی دھمکیوں اور بی جے پی حکومت کی بے حسی کے درمیان کرناٹک کے مختلف حصوں میں ٹیپو سلطان جینتی منائی گئی۔آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے اراکین نے احتجاج کے درمیان ہبلی کے عیدگاہ میدان احاطے میں ٹیپو جینتی منائی۔ پروگرام میں اے آئی ایم آئی ایم کے جوائنٹ سکریٹری وجئے گنٹرالا اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔اے آئی ایم آئی ایم قائدین نے ٹیپو سلطان کی ستائش کرتے ہوئے نعرے بھی لگائے۔ پروگرام ختم ہونے کے بعد پولیس نے فوری طور پر ٹیپو سلطان کی تصویر اور فلیکس کو عیدگاہ گراؤنڈ سے ہٹا دیا۔دریں اثنا بی جے پی ایم ایل سی ایچ وشواناتھ، جنہوں نے میسور میں ٹیپو جینتی میں شرکت کی، پارٹی کے موقف سے دستبردار ہو گئے اور کہا کہ کسی کو بھی انگریزوں کے خلاف ٹیپو سلطان کی جدوجہد کی تاریخ کو مسخ کرنے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔ ”ٹیپو سلطان زمین کی عزت نفس کا مظہر ہیں۔ میسور کا ٹائیگر، ٹیپو سلطان کی انتظامیہ ، بہادری و شجاعت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا،” انہوں نے کہا”یہ الزام کہ ٹیپو سلطان نے 80000 لوگوں کو قتل کیا اور 40000 کو مذہب تبدیل کیا، یہ فرضی ہے۔ اس دور کی آبادی کے ساتھ موازنہ کریں تو یہ دلیل نہیں چلے گی۔ جو لوگ ٹیپو سلطان کے بارے میں نہیں جانتے، وہ اس کے خلاف پروپیگنڈہ کر ر ہے ہیں، اس میں ملوث ہیں۔وشواناتھ نے یہ بھی کہا کہ ٹیپو سلطان واحد بادشاہ ہیں جنہوں نے دشمنوں کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکے۔