شیموگہ :۔ آنے والے اسمبلی انتخابات کے مدنظر کے پی سی سی نے اپنی پارٹی سے ٹکٹ حاصل کرنے کے خواہشمند دعویداروں سے عرضیاں طلب کی ہیں جس کے مطابق ضلع کے مختلف اسمبلی حلقوں سے ٹکٹ کا مطالبہ کرنے والے دعویداروں میں ہلچل تیز ہوچکی ہے لیکن ایک بات یہ دیکھنے میں آرہی ہے کہ ضلع بھر سے ایک مسلم کانگریسی نے ٹکٹ حاصل کرنے کی بات تو دور ٹکٹ کے لئے عرضی دینے کی بھی طاقت نہیں دکھا رہاہے جس سے عوام میں یہ سوال اٹھ رہاہے کہ کیا کانگریس کے مسلمان صرف دوسروں کی قیادت کو قبول کرنے کیلئے پارٹی میں شامل ہوئے ہیں یا پھر صرف جئے جئے کرنا ہی انکی لیڈرشپ کی شناخت بن چکی ہے ۔ 15 نومبر کو عرضیاں دینے کی آخری تاریخ ہے اس سے پہلے عرضی گزار کو پارٹی کی ممبرشپ لے کر ٹکٹ کے لئے عرضی دینی ہوگی مگر اب تک کسی بھی مسلم کانگریسی نے اس سلسلے میں پیش رفت نہیں کی ہے ۔ حالانکہ پارٹی میں سینیر لیڈران میں شمار ہونے والے اسماعیل خان ( امیدوار رہ چکے ہیں)، امتیاز خان ، اڈوکیٹ نیاز احمد جیسے عہدیداران کافی عرصے سے اسمبلی حلقے میں نمائندگی کے خواہشمند ہیں لیکن اب تک ان کی جانب سے بھی پیش رفت نہیں ہورہی ہے ۔ سیاسی حلقے میں یہ چہ میگوئیاں جاری ہیں کہ ٹکٹ ملنا یا نہ ملنا الگ بات ہے لیکن دوڑ میں تو اپنے وجود کو ظاہر کرنے کی ضرورت تھی جس میں مسلم قائدین ناکام نظر آرہے ہیں ۔
