دہلی:۔ اب کورونا کیسز میں کمی ریکارڈ کی جارہی ہے۔ منگل کو وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک لاکھ 96 ہزار 427 نئے کیسزدرج کیے گئے ہیں۔ طویل مدت کے بعد یومیہ کیسز 2 لاکھ سے کم درج کئے گئے ہیں اس سے قبل 14 اپریل کو 1 لاکھ 84 ہزار کیسزرپورٹ ہوئے تھے۔ 15 اپریل کو 2 لاکھ سے زیادہ کیس رپورٹ ہوئے تھے اور اس کے بعد سے ہی 2 لاکھ سے زیادہ نئے کیسز درج ہورہے تھے ،گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران 3511 مریض ہلاک ہوچکے ہیں۔ راحت کی بات یہ ہے کہ اس مدت کے دوران صحت یاب مریضوں کی تعداد نئے مریضوں سے تقریبا 1.30لاکھ زیادہ ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ24 گھنٹوں میں 3 لاکھ 26 ہزار 850 مریض اس وائرس کو شکست دینے میں کامیاب رہے ہیں۔اب اگر ہم کل اعداد و شمار کے بارے میں بات کریں تو 2.69 کروڑ سے زیادہ مریض اس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ 2.40 کروڑ سے زیادہ افراد ٹھیک ہوچکے ہیں اوراب تک مجموعی طور پر 3 لاکھ 7 ہزار 231 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ فی الحال فعال کیسزکی تعداد 25 لاکھ 86 ہزار 782 ہوگئی ہے۔گزشتہ کئی دنوں کے بعد مثبت شرح قابو میںرہی ۔ منگل کے روز یہ 10 فیصد سے کم ریکارڈ کی گئی ، وزارت صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مثبت شرح9.54فیصد ریکارڈ کی گئی۔
