7ویں پے کمیشن کی منظوری پر ملازمین تنظیم کےصدرنے وزیر اعلیٰ کا شکریہ اداکیا

ڈ سٹرکٹ نیوز سلائیڈر
شیموگہ:۔ساتویں پے کمیشن کی منظوری پر کرناٹکا حکومت کے ملازمین تنظیم کے ریاستی صدر سی ایس شڈاکشری نے وزیر اعلیٰ بسواراج بومئی کا شکریہ اداکیاہے اور انہوں نے اس تعلق سے منعقدہ پریس کانفرنس میں کہاکہ حکومت کے اس فیصلے سے ریاست کے5.6 لاکھ ملازمین کو فائدہ پہنچے گا۔آج یہاں منعقدہ پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پچھلے ہفتے ہی وزیر اعلیٰ بسواراج بومئی نے ساتویں پے کمیشن کی تشکیل دیتے ہوئے سابق چیف سکریٹری سدھاکررائو کو ذمہ داری دی تھی،لیکن اُس دن انہوں نے اراکین کاانتخاب نہیں کیاتھا،مگر آج کرناٹکا حکومت نے سابق آئی اے ایس افسر پی بی رامامورتی،آڈیٹ ڈیپارٹمنٹ کے چیف ڈائریکٹر شری کانت ونہلی اور بنیادی سہولیات کے محکمہ کی جوائنٹ سکریٹری ہیپتیبا رانی کورلاپٹی کواس کمیشن کا رکن بنایاگیاہے۔ہم وزیر اعلیٰ کے اس فوری قدم پر انہیں مبارکبادپیش کرتے ہیں۔مزید انہوں نے کہاکہ پہلی دفعہ چھ سال کے اندرہی حکومت نے ساتویں پے کمیشن کااعلان کیاہے،چھ ماہ کے اندر کمیشن کو اپنی سفارشات پیش کرنے کیلئے کہاگیاہے۔وزیر اعلیٰ نے جو فیصلہ لیاہے اس سے ریاست کو سالانہ12 ہزار کروڑروپیوں کا افزود خرچ آئیگااور کمیٹی کی سفارشات کو اگلے بجٹ میں منظوری مل جائیگی۔سی ایس شڈاکشری نے مزیدکہا کہ اس کمیشن کا کام ہونے کے بعد ہم اولڈ پینشن اسکیم کو رائج کرنے کیلئے حکومت پر دبائو ڈالینگےاور نیو پینشن اسکیم کومنسوخ کرنے کامطالبہ کرینگے۔اس دوران انہوں نے کہاکہ سرکاری ملازمین نے ریاست میں ایک لاکھ گائے کی کفالت کرنے کافیصلہ کیاہے،اس کیلئے ہر ایک ملازم اپنے ایک دن کی تنخواہ اس منصوبے کیلئے وقف کریگا۔پریس کانفرنس میں تنظیم کے سکریٹری ماروتی وغیرہ موجودتھے۔