یس بینک گھوٹالہ: رانا کپور کو دہلی ہائی کورٹ سے ملی راحت، 466 کروڑ روپے کے منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت منظور

سلائیڈر نیشنل نیوز
دہلی :۔یس بینک کے سابق منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او رانا کپور کو منی لانڈرنگ کیس میں دہلی ہائی کورٹ سے راحت ملی ہے۔ عدالت نے رانا کپور کو ضمانت دینے کا فیصلہ سنایا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ رانا کپور کو 466.51 کروڑ روپے کے منی لانڈرنگ معاملے میں ای ڈی نے 2020 میں گرفتار کیا تھا۔ہائی کورٹ کے جسٹس سدھیر کمار جین نے رانا کپور کے ذریعہ داخل ضمانت عرضی منظور کر لی ہے۔ کپور کو ذیلی عدالت نے یہ کہہ کر ضمانت دینے سے انکار کر دیا تھا کہ ان پر لگایا گیا الزام سنگین ہے۔ حالانکہ ذیلی کورٹ نے 15 دیگر شریک ملزمین کو ضمانت دے دی تھی۔ واضح رہے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ یس بینک سے جڑے منی لانڈرنگ معاملے کی جانچ کر رہا ہے۔ یس بینک کے سابق منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او رانا کپور پر عہدہ کے غلط استعمال کرنے اور اپنے گھر والوں کو فائدہ پہنچانے کا الزام ہے۔ اس معاملے میں سی بی آئی نے مارچ 2020 میں دھوکہ دہی و مجرمانہ سازش کا معاملہ درج کیا تھا۔ اسی بنیاد پر ای ڈی نے بھی ان کے خلاف منی لانڈرنگ کا کیس درج کیا ہے۔نچلی کورٹ نے گزشتہ سال اکتوبر میں منی لانڈرنگ معاملے میں یس بینک کے رانا کپور اور کئی ملازمین سے جڑے اونتا گروپ کے پروموٹر گوتم تھاپر کے خلاف انفورسمنٹ ڈائریکٹر (ای ڈی) چارج شیٹ کا نوٹس لیا تھا۔ ای ڈی کے مطابق گوتم تھاپر، اونتا ریلٹی لمیٹڈ، آئسٹر بلڈویل پرائیویٹ لمیٹڈ کے خلاف ایک ای سی آئی آر درج کی گئی تھی۔ اس میں 2017 سے 2019 کی مدت کے دوران عوامی رقم کی ہیرا پھیری، مجرمانہ دھوکہ بازی، مجرمانہ سازش اور جعل سازی کے الزامات لگائے گئے تھے۔