بنگلورو:۔کووڈ لاک ڈاؤن اورکرفیو کی وجہ سے مشکلات میں پھنسے اخبارنویسوں اور رپورٹروں کو امداد فراہم کرنے اور کووڈ سے ہلاک ہونےو الے رپورٹروں کے خاندانوں کو معاوضہ فراہم کرنے سمیت اخبارات تقسیم کرنےو الوں ، کیبل ٹی وی آپریٹرس کو کووڈ ٹیکہ کا مطالبہ لےکر کرناٹکا ورکنگ جرنلسٹ اسوسی ایشن نے وزیر اعلیٰ یڈیورپا سےملاقات کرتےہوئے انہیں ایک میمورنڈم پیش کیا۔ میمورنڈم میں ریاستی حکومت سےمطالبہ کیاگیا ہےکہ اعلان کئے گئےخصوصی پیکیج میں اخبارنویسوں اور رپورٹروں کو فی کس 10 ہزارروپئے کی امداد فراہم کی جائے، اسی طرح جو رپورٹر خدمات انجام دیتےہوئےہلاک ہوئے ہیں ان کے خاندان والوں کو 5لاکھ روپئے کا معاوضہ دیاجائے۔ اس کے علاوہ اخبارات کو فروخت کرنے والے اور تقسیم کرنے والوں کو اور کیبل ٹی وی آپریٹروں کو ترجیحی بنیاد پر کووڈ کا ٹیکہ دینے کا مطالبہ کیاگیا ۔ میمورنڈم وصول کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ نے مناسب کارروائی کرنےکا تیقن دیا ۔ اس موقع پر کرناٹکا ورکنگ جرنلسٹ اسوسی ایشن کے صدر شیوانند تگڈور ، پبلک ٹی وی کے رویش، ٹی وی 9کے کرن ، دگوجئے ٹی وی کے ماروتی پاؤگڑھ وغیرہ موجود تھے۔ بھٹکل کے رکن اسمبلی سنیل نائک نےبھی وزیر اعلیٰ کو خط لکھتےہوئےمانگ کی ہےکہ کرناٹک میں کورونا کی دوسری لہر میں اخبارنویس اور رپورٹر س بھی فرنٹ لائن وارئیرس کے طورپر کام کررہےہیں۔کورونا کرفیو کی وجہ سے ان کی زندگی مشکلات میں پھنسی ہوئی ہے۔ ان سنگین حالات میں حکومت کو چاہئےکہ وہ رپورٹروں کا خیال رکھیں اور خصوصی طورپر انہیں 10ہزارروپئے کے طورپر معاوضہ اداکریں ۔اور اسی طرح ہلاک شدہ رپورٹروں کےخاندان والوں کو 5لاکھ روپئے معاوضہ ادا کیا جائے۔
