دہلی:۔یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یوجی سی) کے چیئرپرسن ایم جگدیش کمار نے بین الاقوامی پبلشرز کے نمائندوں سے ملاقات کی ہے تاکہ ان کی کتابوں کا ترجمہ کرنے کے لیے ایک روڈ میپ پر تبادلہ خیال کیا جا سکے جس کے تحت ہندوستانی زبانوں میں انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ کورسز متعارف کرائے جائیں۔ ہائیر ایجوکیشن ریگولیٹر نے ہندوستانی زبانوں کو فروغ دینے کے لیے مرکزی وزارت تعلیم کے تحت ماہرین کا ایک پینل تشکیل دیا ہے۔یو جی سی نے ملک بھر میں کامرس، ہیومینٹیز اور سائنس سمیت علاقائی زبانوں میں انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ کورسز متعارف کرانے کے لیے روڈ میپ تیار کرنے کے لیے ایک اعلیٰ کمیٹی بھی تشکیل دی۔ کمار نے بدھ کو پبلشرز کے نمائندوں سے ملاقات کی جن میں اسپرنگر نیچر، ٹیلر اینڈ فرانسس، کیمبرج یونیورسٹی پریس انڈیا، سینگج انڈیا اور میک گرا-ہل انڈیا شامل ہیں تاکہ تراجم پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔ کمار نے کہا کہ ہر پبلشر اب ان کتابوں کی فہرست تیار کرے گا جن کا ہندوستانی زبانوں میں ترجمہ کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کمیٹی یونیورسٹیوں اور کالجوں میں استعمال ہونے والی کتابوں کی فہرست بھی تیار کرے گی اور دونوں فہرستوں کا جائزہ لے گی تاکہ ان کتابوں کو حتمی شکل دی جا سکے جن کا ترجمہ کیا جا سکتا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہم آنے والے دنوں میں کچھ اور پبلشرز سے ملاقات کرینگے جن میں ہندوستانی پبلشرز بھی شامل ہیں جو انگریزی میں کتابیں شائع کرتے ہیں۔یو جی سی نے انڈرگریجویٹ پروگراموں کے لیے تلگو، تامل، کنڑ، ملیالم، مراٹھی، گجراتی، اوڈیا، بنگالی، آسامی، پنجابی، ہندی اور اردو جیسی زبانوں میں نصابی کتب کا ترجمہ کرانے کا اعادہ کیا ہے۔ کمار نے کہا کہ یو جی سی پبلشرز کو نصابی کتب، ترجمے کے اوزار اور ان پبلشرز کو ایڈیٹنگ کے لیے ماہرین کی شناخت کے حوالے سے وسائل فراہم کرے گا۔یہ اقدام قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے مطابق اسکولوں اور کالجوں میں تعلیم کے ذریعہ علاقائی زبانوں کو متعارف کرانے کے مرکز کے منصوبوں کا حصہ ہے۔ کچھ ریاستوں میں علاقائی زبانوں میں انجینئرنگ اور میڈیکل کورسز متعارف کرائے گئے ہیں۔ جون میں بار کونسل آف انڈیا نے علاقائی زبانوں میں قانون کے کورسز متعارف کرانے کیلئے سفارشات کیلئے ایک پینل تشکیل دیا جائیگا۔
