شیموگہ:۔کے پی سی سی کے صدر ڈی کے شیوکمارکی ملکیت میں آنے والے تعلیمی اداروں میں سی بی آئی کے چھاپوں کے خلاف آج ضلع کانگریس صدر ایچ ایس سندریش کی قیادت میںاحتجاج کیاگیا۔اس موقع پر سندریش نے بات کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی نفرت کی سیاست کر رہی ہے، مرکزی حکومت اپوزیشن جماعتوں کو دبانے کا کام کر رہی ہے، مرکزی حکومت نے سی بی آئی، آئی ٹی اور ای ڈی کو اپنی کٹھ پتلی بنا لیا ہے اور وہ انتخابات کے پیش نظرکانگریس لیڈروں کو خوفزدہ کرنے کام کررہی ہے۔ملک بھر میں اب تک جو بھی آئی ٹی، سی بی آئی اور ای ڈی کے چھاپے مارے گئے ہیں ان میں 99 فیصد اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈر ان پرہی مارے گئے ہیں۔وزیر اعظم مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ بار بار اپوزیشن کے بااثر لیڈروں کی آواز کو خاموش کرنے کا کام کر رہے ہیں۔ کرناٹک میں بھی ڈی کےشیوکمار پر بھی اس طرح کے چھاپےکرواتے ہوئے انہیں ہراساں کیاجارہاہے،آنے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظرہی اس طرح کی کارروائیوں کو انجام دینا بی جے پی کا شیوہ بناہواہے۔احتجاجیوں نے مرکزی حکومت کےخلاف نعرے لگاتے ہوئے بی جے پی حکومت کو ریاست اور ملک سے ہی اکھاڑ پھینکنے کا مطالبہ کیا۔احتجاج میں سابق رکن اسمبلی کے بی پرسنناکمار،کارپوریشن کی اپوزیشن لیڈر ریکھا رنگناتھ، وجئے لکشمی پاٹل ، ایچ سی یوگیش، ایس کے مریپاسمیت کانگریسی کارکنان موجودتھے۔
