بنگلورو:۔یشسوینی آروگیہ اسکیم کے تحت رجسٹریشن کروانے کیلئے ریاستی حکومت نے مزیدمہلت دی ہے۔جن لوگوں کے شیئرس کوآپریٹیو سوسائٹیوں میں ہیں وہ اس کارڈ کو حاصل کرنے کے اہل قرار دئیے گئے ہیں۔کارڈ کو حاصل کرنے کیلئے31 جنوری آخری تاریخ بتائی گئی ہے ۔اس سے قبل یہ تاریخ31 دسمبر 2022 تھی ۔طئے شدہ وقت میں نیا رجسٹریشن ممکن نہیں ہوسکاتھا،اس لئے کوآپریٹیو سوسایٹی، ایم ایل اے اور ودھان پریشدکے اراکین نے اس اسکیم سے استفادہ کرنے کیلئے مز ید تاریخ میں توسیع کرنے کی گزارش کی تھی ۔ ریاست میں اس اسکیم کے تحت30 لاکھ لوگوں کو رجسٹرار کروانے کا ہدف کوآپریٹیو ڈیپارٹمنٹ نے کیاہے ۔ اس تعلق سے محکمہ نے بتایاہے کہ اب بھی لاکھوں اراکین اس اسکیم سے استفادہ نہیں کرپائے ہیں،اس وجہ سے مزید ایک مہینے تک اس کارڈ کو حاصل کرنے کیلئے وقت دیاگیاہے۔جن لوگوں کے شیئر کوآپریٹیو سوسایٹی یا بینک میں ہیں وہ اس اسکیم سے استفادہ کرسکتے ہیں۔کارڈ حاصل کرنے کے بعد طبی سہولیات مفت میں حاصل کی جاسکتی ہیں۔
