شیموگہ:۔اگر پہلے کے میسوروکے راجا کے طرزِ زندگی کو دیکھناہوتو اُن کی طرح ہی دوراندیشی کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے،اور ماحولیات کو کسی بھی طرح کانقصان نہ پہنچے ایسے منصوبوں کو لانے کی ضرورت ہے۔اس بات کااظہار میسوروریاست کے راجا یدوویر کرشنادتتا چامراج وڈیرنے کیاہے۔انہوں نےآج یہاں کے ڈی وی ایس کالج کی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر سہ روزہ تقریب کا افتتاح کرتے ہوئے کہاکہ پہلے زمانے میں میسورو ریاست میں عوام اورا نتظامیہ ،میسوروریاست کی فلاح و بہبودی کیلئے ایمانداری کے ساتھ کام کرتے تھے اور راجا کے منصوبوں کو نافذکرنے کیلئے ہمیشہ کوشاں رہتے تھے،اس وجہ سے را جا کے بنائے ہوئے کئی ادارے سینکڑوں سال گزرنےکے بعدبھی محفوظ ہیں اور آنےوالی نسلوں کیلئے بھی استعمال کے لائق ہیں،ایسی ہی دوراندیشی سے تعمیرشدہ کئی اہم مقامات شیموگہ میں بھی دیکھے جاسکتے ہیں ، جس کی مثال میسوروکے لوہے کاکارخانہ ہے۔میسوروکے راجانے جنگلات کے تحفظ کیلئے بھی کئی اقدامات اٹھائے تھے،آج بھی ہمیں ایسے ہی منصوبے رائج کرنے کی ضرورت ہے۔مزید انہوں نے کہاکہ آج لوگ ہر چیزمیں سہولت دیکھ رہے ہیں،گھر سے تھیلی لے جانے میں شرم محسوس کررہے ہیں جس کی وجہ سے پلاسٹک کا استعمال زیادہ ہورہاہے اور ہمارے ماحول پر بُرے اثرات ہورہے ہیں۔ڈی وی ایس ادارہ ضلع کاایک بڑا ادارہ ہے،اس میں تعلیم حاصل کرنےوالےطلباء آج کامیابی کی طرف گامزن ہیں،تعلیم کو عام کرنے کیلئے آج بھی مزید تعلیمی اداروں کی ضرورت ہے۔شاہی نظام گزرنے کے بعد اب جمہوری نظام آچکاہے،باوجود اس کے ملک کی تعمیر کیلئے اہم کرداراداکرنے کی ضرورت ہے۔اس موقع پر مہاراجانے طلباء کے ساتھ تبادلہ خیال کیا اور طلباء کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات دئیے۔ڈی وی ایس تعلیمی ادارے کی جانب سےمہاراجاکو اعزاز پیش کیا گیا ۔ اس موقع پر ڈی وی ایس ادارے کے صدرکے این رودرپا،نائب صدر ایس پی دنیش،سکریٹری ایس راج شیکھر، ڈاکٹر ستیش کمار،گوپی ناتھ،ڈاکٹر ایم وینکٹیش وغیرہ موجودتھے۔
