شیموگہ:۔پچھلے دنوں منگلورومیں گرفتارہونےوالے شارق ، معاذ اوریسین نامی نوجوانوں کی وجہ سے شیموگہ کے نوجوانوں کا بھی جینا حرام ہوچکاہے۔مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث شارق ، معاذ اور یسین کا تعلق شیموگہ ضلع سے ہے اور یہ تینوں شیموگہ شہرکے مختلف کالجوں میں زیر تعلیم تھے۔تعلیم کے دوران ان تینوں کے ساتھ کئی دوسرے مسلم نوجوان بھی ان کے دوست بنے ہوئے تھے اور ان نوجوانوں کا تعلق محض ان سے تعلیمی دورکی دوستی تھی،لیکن شارق۔معاذ اور یسین کی وجہ سے ان نوجوانوں کوبھی پریشانیوں کا سامنا کرناپڑرہاہے۔دراصل مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث ان تین نوجوانوں سے این آئی اے اور پولیس پوچھ تاچھ کررہی ہے۔پوچھ تاچھ کے دوران یہ لوگ اپنے دوستوں کی فہرست این آئی اے کے سامنے ظاہرکررہے ہیں،جس کی وجہ سے این آئ اے اور پولیس ان نوجوانوں کوبھی پوچھ تاچھ کیلئے تحویل میں لے رہی ہے یا پھر ان کے گھروں کو جاکر پوچھ تاچھ کررہی ہے۔حالانکہ ان نوجوانوں کا ان تینوں سے کوئی واسطہ نہیں ہے،باوجود اس کے پولیس ان نوجوانو ں کو اپنی پوچھ تاچھ کاحصہ بنارہی ہے۔شارق،معاذ اور یسین جیسے نوجوان پوری قوم کیلئے ایک عبرت ہیں،ایسے میں مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں پر خصوصی توجہ دیں،ان کے لین دین،دوستی اور ساتھیوں کے تعلق سے معلومات حاصل کریں۔بھلے ہی اپنے بچے کردارکے سچے اور عمرمیں بچے ضرورہوں،مگر کسی نہ کسی طرح سے ایسے بچوں کو دوسرے پھنسانے کی کوشش میں رہتے ہیں۔والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کی نگرانی کرتے ہوئے مستقبل میں ہونےوالے ممکنہ خطرات سے بچیں۔
