ریاست میں ویکسین گھپلہ:ہائی کورٹ مداخلت کرے: شیو کمار

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
بنگلورو:۔کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی صدر ڈی کے شیوکمار نے الزام لگایا ہے کہ ریاستی حکومت نے جو ویکسین خریدی ہے وہ زیادہ قیمت پر پرائیویٹ اسپتالوں کو سپلائی کئے جارہے ہیں۔گھپلہ کی جانچ کرناٹک ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی نگرانی میں کروانے کا انہوں نے مطالبہ کیا ہے۔یہاں کے پی سی سی دفتر میں اپوزیشن لیڈر سدارامیا کے ساتھ میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حال ہی میں اسپتالوں میں بیڈوں کا گھپلہ منظر عام پر آیا تھا،جس میں بی جے پی لیڈران نے سماج کے ایک طبقہ کو نشانہ بنا کر سارا الزا م اس طبقہ پر ڈالنے کی کوشش کی۔اس گھپلہ میں ملوث تمام لوگوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔جن کو گرفتار کیا گیا ہے وہ کون ہیں؟ ریاستی حکومت کو ہی کہنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ جو ویکسین حکومت کرناٹک نے منگوائے ہیں وہ ویکسین نجی اسپتالوں میں فی ویکسین 900تا 1200روپئے میں فروخت کیا جارہا ہے۔اس میں خود حکمران پارٹی شامل ہے۔اس معاملہ کی جانچ میں ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے حصہ لینے کی انہوں نے درخواست کی ہے۔اس موقع پر بچوں کو کورونا سے حفاظت کے متعلق شیو کمارنے کہا کہ پچھلے سال 30نومبر کو ماہرین کی طرف سے انتباہ کیا گیا تھا کہ کورونا کی دوسری لہر بہت خطرناک ہے،لیکن حکومت نے کوئی احتیاطی تدبیرنہیں کی،جس کے نتیجہ میں لاکھوں لوگ فوت ہوگئے۔ اب آنے والی تیسری لہر بچوں کے لئے تباہ کن ہے۔اس سے نمٹنے اور اس پر قابو پانے حکومت نے کیا تدابیر کی ہیں؟انہوں نے کہاکہ بچوں کی حفاظت سے متعلق مہیلا کانگریس شعبہ نے ایک پروگرام ترتیب دیا ہے،اس پروگرام کے تحت ریاست کے تمام تعلقہ جات میں بچوں کی حفاظت کے لئے میڈیکل کٹس فراہم کئے جائیں گے۔