مقتول فاضل کے اہل خانہ کو حکومت سے معاوضہ ملنا چاہیے تھا:بی جے پی رکن اسمبلی

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
منگلورو:۔ منگلورو سٹی نارتھ کے ایم ایل اے بھرت شیٹی نے منگلورو پریس کلب میں اخبار نویسوں کے ساتھ گفتگو کے دوران کہا کہ گزشتہ سال 28 جولائی کو فاضل کو جو قتل ہوا تھا اس کیلئے اس کے اہل خانہ کو سرکاری معاوضہ ملنا چاہیے تھا ۔ ایم ایل اے نے کہا کہ فاضل کے گھر والوں کو معاوضہ منظور کرنے کیلئے ضلع انتظامیہ کی طرف سے ریاستی حکومت کو تجویز بھیجی گئی تھی ۔ جب بھرت شیٹی سے پوچھا گیا کہ انہوں نے مقتول فاضل کے گھر پہنچ کر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کیوں نہیں کی تو انہوں نے کہا کہ اس وقت جو کشیدگی پیدا ہوئی تھی اس میں اضافہ کرنے سے بچنے کیلئے میں نے ایسا کیا ۔ جب شرن پمپ ویل کے متنازع اور اشتعال انگیز بیان کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے اس اسے لاعلمی کا اظہار کیا ۔ منگلورو میں سیاحوں کی آمد و رفت سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ایم ایل اے نے کہا کہ شہر کو "فرقہ وارانہ طور پر حساس” سمجھنا محض ایک خیالی بات ہے ۔ اس پہلو کا سیاحوں پر کوئی اثر نہیں ہوا ہے ۔ البتہ شیٹی نے اس بات کا اعتراف کیا کہ شہر میں راتوں کی تفریح نہ ہونے کی وجہ سے آئی ٹی کمپنیاں یہاں اپنے یونٹس قائم کرنے سے دامن بچا رہی ہیں ۔