شیموگہ:۔شیموگہ شہرکے سیہادری سائنس کالج کے احاطے میں تیار کردہ کھیل کے میدان کو کھیلو انڈیااسکیم کے تحت تیارکیاگیاتھا،لیکن اس میدان کیلئے مخالفت اور موافقت ہونے کی وجہ سے اس میدان کو کھیل کیلئے نہیں بلکہ سائنس میوزیم بنایاجائیگا۔اس بات کااظہار رکن پارلیمان بی وائی راگھویندرانے کیاہے۔انہوں نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ اس میدان میں سائنس میوزیم بنایاجائیگا،جس کیلئے40.11 کروڑ روپئے خرچ کئے جائینگے۔یہ میوزیم اکاڈمک مقصدکیلئے تیارکیا جا ئیگا ۔ شہرمیں نیشنل سائنس میوزیم بنانے کیلئےکئی دنوں سے کوششیں کی جارہی تھیں،اس وجہ سے مرکزی حکومت نے شہرمیں گریڈ2 میوزیم کو شروع کرنے کیلئے منظوری دی ہے اور40.11 کروڑ روپئے منظوربھی کئے ہیں ۔ اس کے علاوہ مرکزی و ریاستی حکومت نے50.25 کروڑ روپئے بھی اس منصوبے کیلئے خصوصی طورپر منظورکئے ہیں،اس میوزیم میں تحقیقی کام بھی کیا جائیگا ۔ میوزیم کے معیار کو بہتر بنایاجائیگا تو اسے گریڈ1 میوزیم میں تبدیل کیاجائیگا۔کھیلو انڈیا منصوبے کے تحت شہرمیں میدان بنانے کیلئے اگریکلچر اینڈ ہارٹیکلچر یونیورسٹی کے قریب25 ایکرزمین موجودہے،وہاں پر جلدہی میدان بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائینگے،اس کیلئے 70 کروڑ روپئے مختص کئے جائینگے۔مزید انہوں نے کہاکہ ہوائی اڈے کا تعمیری کام مکمل ہو چکا ہے ، افتتاح کیلئے تیاریاں کی جارہی ہیں،ائیرپورٹ کو منظوری دینے کیلئے ڈی جی سی اے کی ٹیم اگلے ہفتے شیموگہ پہنچے گی اور27 فروری کو افتتاح کرنے کے تعلق سے اب تک مرکزی حکومت سے تحریری طورپر کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔ہوائی اڈے کے انتظامات پوری طرح سے ریاستی حکومت کریگی، انڈیگو اور اسٹارائیرلائنس کے ساتھ بات چیت کی جارہی ہے۔
