جے ڈی ایس کی پنچ رتنا یاترہ پہنچی بھٹکل ;  کانگریس کےغلط پروپیگنڈے کی وجہ سے ہی بی جے پی کو اقتدارملا ہے:کمارسوامی

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
بھٹکل:۔ کرناٹک کے سابق وزیراعلیٰ  کماراسوامی کی قیادت میں جے ڈی ایس کی پنچ رتنا یاتر بھٹکل پہنچی، اس موقع پر پبلک چبوترہ پرمنعقدہ عام اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایچ ڈی کمارا سوامی نے کہا کہ کانگریس نے ہماری پارٹی کے خلاف غلط اور بے بنیاد پروپیگنڈہ کرکے مسلمانوں کو جس طرح سے گمراہ کیا، اُسی کی وجہ سے ریاست میں بی جے پی اقتدار پر آنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ کانگریس لیڈران نے ہماری پارٹی کو بی جے پی کی بی پارٹی کہا، لیکن مسلمانوں کو معلوم ہونا چاہئے کہ حجاب کا معاملہ ہو، حلال گوشت کا معاملہ ہویا اقلیتوں پر ظلم ڈھانے کے واقعات ہوں، ایسے واقعات کے خلاف صرف جے ڈی ایس نے ہی آواز بلند کی ہے اور مسلمانوں کے مفادات کا ساتھ دیا ہے۔ ہمارا مقصد تمام ذات اور برادریوں کو ساتھ لے کر چلنا ہے، مظلوموں کو انصاف دلانا ہے، ریاست میں امن اور بھائی چارگی کی فضا عام کرنا ہے، بی جے پی نے ریاست میں جو جنگل راج قائم کیا ہے، ہم اُن کے اقتدار کو  اُکھاڑ پھینکنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے بھٹکل کے اجلاس میں مسلمانوں کی کم شرکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم پر زور دیا کہ وہ جے ڈی ایس کو لے کر پھر ایک بار سوچیں، ہمیں بھٹکل میں دیگر برادریوں کے ساتھ مسلمانوں کابھی مکمل ساتھ چاہئے۔ کماراسوامی نے کہا کہ ابھی انتخابات میں مزید دو تین ماہ باقی ہیں، اگر مسلمان ساتھ دیتے ہیں تو میں یہاں انتخابی پرچار کے لئے مزید دو مرتبہ آکرپرچار کروں گا۔ مجھے اُمید ہے کہ دیگر کمیونٹی کے ووٹ پڑیں گے لیکن مسلمانوں کے ووٹ ملتے ہیں تو ہمارے نمائندے کو کامیاب کرانا میری ذمہ داری ہے۔ کماراسوامی نے پورے یقین کے ساتھ کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں جنتا دل ایس کی جیت یقینی ہے اور ہم ہی کرناٹک میں حکومت بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد تمام لوگوں کے مفادات کو نظر میں رکھتے ہوئے انہیں سکھ چین اور صحت و عافیت کی زندگی گزارنے کے لئے مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ساحلی علاقہ میں ان کا صدراعلان کرچکا ہے کہ ان کی پارٹی کے لئے ریاست کی ترقی اورعوامی کام اہم نہیں بلکہ لوجہاد پر پابندی کی زیادہ اہمیت ہے۔ آگے کہا کہ موجودہ حکومت کی طرف سے کی جا رہی دن دہاڑے ڈکیتی سے لوگ پریشان ہیں ۔ روزمرہ استعمال کی اشیاء اور پٹرول ڈیزل کی مہنگائی حد پار کر گئی ہے ۔ اس کی وجہ سے عام لوگوں کے لئے آسانی اور آرام کے ساتھ زندگی گزارنا مشکل ہوگیا ہے۔جے ڈی ایس قائد کماراسومی نے کہا کہ پنچ رتنا یاترا کا مقصد کسی ایک ذات یا مذہب کے لئے محدود نہیں ہے پنچ یاتراکامقصد اقتدارمیں آنے کی صورت میں پانچ منصوبوں پر کام کرناہے، پہلا غریبوں کے لئے گھردوسرے ہرگاوں میں اسپتال اور میڈیکل کی سہولتیں، تیسرا مفت تعلیم، چوتھا کسانوں کے لئے نئی ٹیکنالوجی کے ساتھ کھیتی باڑی کی بہترسہولیات اور پانچویں نمبر پر بیروزگاروں کے لئے روزگار کے مواقع فراہم کرنا شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پنچ یاترا ریلی اب تک ریاست کے 22 اضلاع کا دورہ کرچکی ہے، ہر جگہ ہمارے پروگراموں میں کثیر تعداد میں لوگ شریک ہوئے، مجھے افسوس کے ساتھ کہنا پڑرہا ہے کہ صرف بھٹکل ہی ایسا علاقہ ہے جہاں میرے پروگرام میں لوگوں کی تعداد سب سے کم ہے، اس کی ایک وجہ کانگریس کی جانب سے ہماری پارٹی کے خلاف اُڑائی گئیں غلط اور بے بنیاد باتیں ہیں۔بھٹکل اسمبلی حلقہ کے ممکنہ جے ڈی ایس اُمیدوارعنایت اللہ شاہ بندری نے خطاب کرتے ہوئے آتی کرم مسئلہ کو بھٹکل اور اُترکنڑا کا اہم مسئلہ قرار دیا اوربتایا کہ حکومت میں جے ڈی ایس حکومت آنے کی صورت میں کماراسوامی کی مدد سے وہ اس مسئلہ کو حل کریں گے۔ اسی طرح بھٹکل میں موگیر سماج کی طرف سے ہورہے پسماندہ ذات کی سرٹی فیکٹ کے تعلق سے اور بھٹکل غوثیہ اسٹریٹ سے ڈارنٹا اور ڈونگر پلی سے ہوکربحرعرب کو جاکر ملنے والی سرابی ندی کی صفائی اور ندی کے اطراف باڑھ لگانے کے تعلق سے بھی کماراسوامی کو آگاہ کرایا۔اس سے قبل کماراسوامی نے کمٹہ پہنچ کر عوام الناس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ بی جے پی حکومت دولتمند تاجروں کے مفادات کے لئے کام کرتی ہے ۔ اس لئے غریبوں کے مفادات کو سامنے رکھ کر جے ڈی ایس نے بہت ساری مفید اسکیمیں تیار کی  ہیں ۔ تعلیم، صحت، ویمن ایمپاورمنٹ، رہائشی ٹھکانہ، پینے کا پانی، درست اور قابل استعمال سڑکیں جیسی بنیادی سہولتیں عوام کو فراہم کرنے کے منصوبے تیار کیے گئے ہیں ۔کماراسوامی نے کہا؛ میں نے اپنی حکومت کے دوران طلبہ کو سائیکلیں فراہم کرنے کی اسکیم شروع کی تھی ۔ بی جے پی حکومت نے ایک طرف یہ اسکیم ختم کردی تو دوسری طرف طلبہ کی آمد و رفت کیلئے مناسب بس سروس بھی فراہم نہیں کی ۔ اس کا بہت ہی برا اثر دیہی علاقوں کے طلبہ پر پڑا ہے اور انہیں تعلیم حاصل کرنے کے لئے سفر کرنا انتہائی مشکل کام ہوگیا ہے ۔ اسی طرح یہ حکومت سرکاری اسکولوں پر تالالگوا کر نجی اسکولوں کو فروغ دینے کا کام کر رہی ہے ۔ کمارا سوامی نے کہا کہ ایسے بہت سارے مسائل ہیں جن کو حل کرنے کے لئے آپ لوگ مجھ پراعتماد کریں اور ہماری پارٹی کو کامیاب بنا کر اقتدار پر لائیں۔