دہلی:۔سپریم کورٹ کی جانب سے ججوں کے تبادلے اور ترقیوں میں تاخیر پر حکومت کو کارروائی کے انتباہ کے ایک ہفتہ بعد، وزیر قانون کرن رجیجو نے لوک سبھا میں جواب دیاہے۔ انہوں نے کہاہے کہ ہائی کورٹ کے 10 ججوں کے تبادلے کی تجویز پر عمل کے مختلف مراحل ہیں۔ ایک سوال کے تحریری جواب میں وزیر نے کہاہے کہ ہائی کورٹس کے ججوں کی تقرری اور تبادلے کے لیے میمورنڈم آف پروسیجر (ایم او پی) میں کوئی ٹائم لائن طے نہیں کی گئی ہے۔ وزیر قانون رجیجو نے کہاہے کہ حکومت اب بھی پرانی ایم او پی کے مطابق چل رہی ہے۔ ہے کیونکہ مارچ 2016 میں سپریم کورٹ کی پانچ ججوں کی آئینی بنچ کی ہدایت پر تیار کی گئی نئی ایم او پی کو ابھی تک سی جے آئی کی زیرقیادت کالجیم نے منظور نہیں کیا ہے۔سپریم کورٹ نے 3 فروری کو کہا تھا کہ مرکز کا ہائی کورٹ کے ججوں کی ترقی اور تبادلے پر فیصلہ نہ لینا درست نہیں ہے۔ سپریم کورٹ نے کہاہے کہ اس طرح کے کام کرنے کا انداز اسے کارروائی کرنے پر مجبور کرے گا۔ عدالت نے یہ دھمکی بھی دی کہ تبادلوں کی فہرست میں شامل ججوں کو مزید تاخیر کی صورت میں عدالتی کام نہیں دیا جائے گا۔دوسری جانب وزیر قانون نے اس بات کا اعادہ کیاہے کہ ایک ہائی کورٹ سے دوسری ہائی کورٹ میں ججوں کے تبادلے کے لیے ایم او پی میں کوئی ٹائم لائن مقرر نہیں کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاہے کہ ٹرانسفر لسٹ میں 10 ججوں کے حوالے سے سفارش ابھی تک زیر التوا ہے۔ انہوں نے کہاہے کہ ملک بھر میں انصاف کے بہتر انتظام کو فروغ دینے کے لیے تمام تبادلے عوامی مفاد میں کیے جائیں گے۔
