ہندوستان کا گرین انرجی شعبہ پوری دنیا کے سرمایہ کاروں کیلئے سونے کی کان: مودی

نیشنل نیوز
دہلی:۔ پی ایم مودی نے سال 2023-24 کے بجٹ میں گرین انرجی کے لیے کیے گئے التزامات کو ملک کی نئی نسل کے تابناک مستقبل کا سنگ بنیاد بتاتے ہوئے ملک اور دنیا کے سرمایہ کاروں سے ہندوستان کے سبز توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کی اپیل کی ہے۔ پی ایم مودی نے جمعرات کو بجٹ کے بعد کے ویبینار کی اس سال کی سیریز کے پہلے ایپی سوڈ میں گرین گروتھ کے موضوع پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے کہاکہ ہندوستان جتنا کمانڈنگ پوزیشن میں ہوگا، ملک اتنی ہی بڑی تبدیلی دنیا میں لا سکے گا۔انہوں نے ہندوستان کے سامنے عالمی سبز توانائی کی ایک بڑی اہم طاقت بننے کا ہدف رکھتے ہوئے کہا کہ اس وقت دنیا سبز توانائی کے شعبے میں سپلائی چین کو متنوع بنانے کی کوشش کر رہی ہے، ایسے میں ہر سرمایہ کار کے لیے ہندوستان میں بڑا موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بار کے بجٹ میں جہاں ایک طرف پٹرول میں ایتھنول کی ملاوٹ کے لیے ترغیب دی گئی ہے وہیں پی ایم کسم یوجنا کو آگے بڑھایا گیا ہے۔ صنعت کے لیے سولر مینوفیکچرنگ کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے کہ اس میں روف ٹاپ سولر اسکیم بھی ہے۔ ہم کول گیسی فیکیشن اور بیٹری اسٹوریج کو فروغ دے رہے ہیں، پھر بائیو فیول کو فروغ دینے کے لیے گووردھن اور گرین جیسی اسکیمیں ہیں۔ بجٹ میں گرین ہائیڈروجن کے شعبے میں نجی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے 19ہزار کروڑ روپے کا التزام کیا گیا ہے۔