ہندوئوں کے نام پر جیتنےوالوں پر گائے ماتا کی لعنت ہے: متالک 

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
سرسی:۔ہندوکے نام پر جیت حاصل کرکے گائے ذبیح کی مذمت کئے بغیر اور رشوت و بدعنوانی کی مخالفت نہ کرنےوالوں کو پانچ چھ مرتبہ رکن اسمبلی ورکن پارلیمان کے طورپر منتخب کرنےوالے عوام کے متعلق شعلہ بیان مقرر اور شری رام سیناکےریاستی صدر پرمود متالک نے زبردست پھٹکار لگاتے ہوئے کہاکہ آئندہ یہ ووٹ مانگنے کے لئے آئے تو انہیں چپل مارکر بھگائیں۔سرسی میں اکھل بھارت ہندو مہاسبھا کی طرف سےمنعقدہ ہندو سماج اتسوا میں کلیدی خطاب کرتے ہوئے متالک نےپوچھا کہ کیا گائے ماتا کی آواز تمہارے کانوں تک نہیں پہنچ رہی ہے۔ یاد رکھیئے! گائے ماتا کے لئے تم نے کچھ بھی نہیں کیا تو اس کا شاپ (لعنت) تمہیں ضرور پہنچے گی۔ انہوں نے کہا کہ گائے کی حفاظت کے لئے بجرنگ دل، آرایس ایس اور شری رام سینا کے کارکنان ہی متحرک ہیں۔ یہی لوگ اگر جیل جاتےہیں تو پھر تم کیوں ہو؟ کیاتم گوبر کھانے کے لئے ہو؟۔ مودی کے نام پر جیت حاصل کرنےوالوں کو سمجھ لینا چاہئے کہ وہ آئندہ الیکشن میں گائے ماتا کی شاپ کی وجہ سے جیت نہیں پائیں گے۔بی جے پی کا نام لئے بغیر متالک نے مودی کے نام پر ووٹ مانگنے والوں سے کہا کہ وہ انتخابات کے دوران مودی کی تصویر کے بغیر اپنے ترقیاتی کاموں گنواتے ہوئے، گائےماتا اور ہندؤوں کی حفاظت کے نام پر ووٹ حاصل کرکے جیت کر بتائیں تو کچھ بات ہوگی۔ انہوں نے ووٹروں سے کہا کہ اگر اس بار بھی الیکشن کے دوران مودی کا نام لے کر گھر گھر پہنچ کر ہاتھ جوڑتے ہوئے ووٹ مانگنے کے لئے آئے توتب انہیں چپل سے مارکر بھگائیں، متالک نے کہا کہ یہ لوگ مودی کانام لینےکےلائق نہیں ہیں۔ کارکنوں کا کیا درد ہے، ان کی کیا تکلیفات ہیں، ان لوگوں کو اس کا کچھ پتہ ہی نہیں ہے۔متالک نے ہوناور میں پانچ سال قبل گذشتہ انتخابات کے موقع پر ہوئےپریش میستا کی موت کامعاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ بےچارہ یتیم ہوگیا کوئی پوچھنےوالا نہیں۔ معاملہ کی جانچ سی بی آئی کو سونپی گئی۔ این آئی اے کو معاملہ سونپا گیا۔ کیا ہوا ، کچھ نہیں ۔ اس کی قربانی بیکار گئی ۔اپنے خطاب میں پرمود متالک نے کہاکہ چھترپتی شیواجی کی آج بھی ضرورت ہے ۔ ملک کی سرحدوں کے اطراف اسلامی کرن میں اضافہ ہورہاہے۔ شیواجی مہاراج کی طرح ہمیں بھی بنیاد پرستوں کا مقابلہ کرنا ہے۔ شیواجی کی والدہ جیجا ماں کی طرح ہماری عورتوں کو چاہئیے کہ وہ ہر بچے کو دھرم اور سنسکرتی سکھائے اور ہندؤوں کی حفاظت کے لئے سب لوگ کمربستہ ہوجائیں۔