بنگلورو:۔ودھان سبھا انتخابات کی تاریخ کے طئے ہونے سے پہلے ریاست میں ووٹروں کو رجھانے کیلئے پیسے،تحفہ وتحائف اور سازوسامان کی تقسیم کے خلاف فوری کارروائی کرنے کیلئے بھارت کے چیف الیکشن کمشنرراجیو کمارنے کرناٹک کےا لیکشن آفیسروں کو ہدایت دی ہے۔آج وکاس سودھامیں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہاکہ کرناٹک میں الیکشن کیلئے پیسے اور تحفے وتحائف کی روک تھام ایک بڑا سوال ہوچکاہے،اس وجہ سے کوڈ آف کنڈکٹ جاری ہونے کا انتظارکئے بغیر کارروائی کی جائے،کسی بھی طرح سے ووٹروں کو رجھانےوالی سرگرمیوں پر کارروائی کی جائے۔مزید انہوں نے کہاکہ الیکشن کے وقت پیسوں کااستعمال کرتے ہوئے الیکشن میں بدعنوانی کرنےکی کوشش کی جاتی ہے،اس وجہ سے پیسوں کے لین دین اور منتقلی پر نگاہ رکھنے کیلئے بینک اور اے ٹی ایم کو پیسے لے جانےوالی سواریوں پر بھی پابندیاں لگائی جائینگی،اے ٹی ایم میں پیسے پہنچانےوالی سواریوں کی نقل ومکانی کو شام پانچ بجے کے بعد بندکردیاجائیگا، اس کے علاوہ بینکوں سے بڑی رقم نکالنے والوں پر بھی نگاہ رکھنے کیلئے احکامات جاری کئے جائینگے ۔ الیکشن کیلئے ووٹروں کو پیسوں کے ساتھ ساتھ کوککرسمیت دیگر گھریلوسامان تقسیم کئے جانے کی بات سامنے آئی ہے ، گھریلو سامان کی ہول سیل خریداری اور ذخیرہ اندزوی پر بھی نگاہ رکھی جائیگی۔سی ای سی راجیوکمار نے کہاکہ ان کاموں کیلئے مختلف محکموں کا تعائون لیاجائیگا،اس کے علاوہ اگر عام لوگوں کو ایسی اطلاعات ملتی ہیں تو وہ سی ویژل ایپ کے ذریعے سے بھی شکایت درج کرواسکتے ہیں۔ کرناٹک میں انتخابی سرگرمیوں اور تیاریوں کے تعلق سے جائزہ لیا گیا ہے،کتنے مرحلوں میں الیکشن کرناہے اور کب الیکشن کا اعلان کرناہے اس تعلق سے دہلی میں افسروں کے تبادلہ خیال کرنے کے بعد فیصلہ لیا جائیگا ۔مزید انہوں نے کہاکہ کسی بھی افسرمیں تعصب دیکھاجاتاہے تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائیگی، الیکشن کمیشن کی جانب سے سویدھا ویب سائٹ اور سکشم ایپ بنایاگیاہے،ووٹر اور سیاسی جماعتیں ان کا استعمال کرسکتے ہیں۔اس دوران انہوں نے کہاکہ شہری علاقوں کے لوگ الیکشن میں کم حصہ لیتے ہیں ،سال 2013 میں جتنے ووٹروں نے ووٹ دئیے تھے اُ سے کم ووٹ سال2018 الیکشن میں ووٹنگ ہوئی ہے، اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کی جانب سے بیداری مہم چلائی جارہی ہیں۔
