دہلی: آدھار کارڈ کو پان کارڈ سے لنک کرنا لازمی کردیا گیا ہے،اس کیلئے 31 مارچ آخری تاریخ بتائی گئی تھی لیکن اب محکمہ انکم ٹیکس نے اس تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے30جون تک مہلت دی ہے،اس کے بعدیکم جولائی سے وہ تمام پان کارڈ جو آدھار کارڈ سے منسلک نہیں ہیں( پان کارڈ آدھار کارڈ لنک) غیر کارکرد ہوجائینگے ( یعنی آپ کا پان کارڈ کچھ کام کا نہیں رہے گا)۔ تمام پان کارڈ ہولڈرز کو 30جون کی آخری تاریخ سے پہلے اپنے پان کارڈ کو آدھار کارڈ سے لنک کرنا ہوگا۔حال ہی میں محکمہ انکم ٹیکس نے اس سلسلہ میں ایک ٹویٹ میں سب کو خبردار کیا ہے کہ اگر ایسا نہیں ہوا تو پان کارڈ غیر کارکرد ہوجائے گا۔ اس کے ساتھ ایسے لوگوں کو اس سے جڑے بہت سے دوسرے کاموں میں دشواری کا سامنا کرنا پڑیگا ، جیسے قرض لینا، کریڈٹ کارڈ لینا اور بینکنگ سے متعلق بہت سے دوسرے کام۔ اس لئے یہ بہت ضروری ہے کہ پان کارڈ کو آدھار سے جوڑدیا جائے۔آپ کی جانکاری کیلئے بتاتے چلیں کہ محکمہ انکم ٹیکس وقتاً فوقتاً پان کارڈ کو آدھار کارڈ سے جوڑنے کی تاریخ جاری کرتا رہا اور اسے آگے بڑھاتا رہا لیکن اس کے باوجود بہت سے لوگ ایسا نہیں کررہے تھے،لیکن سخت فیصلہ لیتے ہوئے محکمہ انکم ٹیکس نے واضح کردیا ہے کہ آدھار سے غیر منسلک پان کارڈ غیر کارکرد ہوجائے گا۔محکمہ انکم ٹیکس نے ایک ٹویٹ کیا تھا جس میں بتایاگیاکہ انکم ٹیکس ایکٹ 1961 کے مطابق تمام پان کارڈ ہولڈرز کیلئے جو ایکزم ٹیٹیڈ زمرہ میں نہیں آتے ان کیلئے30 جون سے پہلے اپنے پان کارڈ کو آدھار کے ساتھ لنک کرنا لازمی ہے۔ وہ پان کارڈ جو آدھار سے منسلک نہیں ہیں وہ یکم جولائی2023 سے غیر کارکرد ہوجائینگے۔
