چکمگلورو:(انقلاب نیوزبیورو):۔ بھوکوں کو کھانا کھلانا اور پیاسوں کو پانی پلانا یہ شعار السلام میں ہے۔ ہمارے نبی ﷺ خود بھوکے رہ کر دوسروں کو کھانا کھلایا کرتے تھےاور قطب اولیاء حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی ؒ کا مشہور قول ہے کہ اللہ اگر مجھے قارون کا خزانہ بھی عطاکرتا تو میں بھوکوں کو کھانا کھلایا کرتا۔ اسی کے پیش نظر شہر کےنوجوان قومی خدمتگار آل انڈیا مسلم ڈیولپمنٹ فارم کے ریاستی صدر نصیر احمد نے چکمگلور میں امیر خیر فائونڈیشن چکمگلور کےزیر انتظام روٹی بینک کا قیام عمل میںلایا۔ جہاں پر ہروقت غریبوں اور بے سہارا بھوکے افراد کیلئے کھانے کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس افتتاح کے موقع پر مولانا مولوی اورنگ زیب عالمگیرخطیب وامام مسجد اعظم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غریبوں ، مسکینوں اوربھوکوں کو کھانا کھلانا یہ ایک بہت ہی نیک عمل ہے۔ بھوک ایک انسانی فطری تقاضا ہے کہ وہ انسان کو ہر عمل کرنے پر مجبور کردیتی ہے۔ انہوں نے امیر خیر فائونڈیشن کے بانی الحاج نصیر احمد کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے عوام سے گذارش کی کہ شادی بیاہ کی تقاریب میں جو کھانہ بچ جاتا ہے اورایک بڑے اون میں گرم کرکے غریبوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ اس موقع پر کثیر تعداد میں عمائدین شہر کے علاوہ وظیفہ یاب پولیس انسپکٹر شبیر احمد،ہیرٹیج شادی محل کے نیاز احمد، عبدالرحیم سکریٹری وغیرہ موجودتھے۔
