شیموگہ:۔الیکشن کمیشن آف انڈیا نے آج ریاستی اسمبلی انتخابات کا اعلان کر دیا ہے،اس سلسلے میں ضلع ڈپٹی کمشنرڈاکٹر سیلوامانی نے کہا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کو آج سے ضلع میں سختی سے نافذ کر دیا گیا ہے۔اپنے دفترمیں منعقدہ پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرنے کہاکہ ضلع میں جملہ1458680 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں،جس میں 722080 مرد، 736574 خواتین، 14773معذور افراد اور 26 دیگر ووٹرز موجوہیں۔ 10مئی کو ووٹنگ ہوگی جبکہ13 مئی کو ووٹوں کی گنتی کی جائیگی اور اسی دن نتائج کا اعلان کیا جائیگا۔ کرناٹک اسمبلی انتخابات کے لئے گزٹ نوٹیفکیشن 13 اپریل کو جاری کیا جائے گا۔ امیدوار 20 اپریل تک کاغذات نامزدگی داخل کر سکیں گے۔ 21 اپریل کو نامزدگیوں کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ جبکہ نامزدگیوں کو واپس لینے کی تاریخ 24 اپریل ہوگی۔ضلع بھرمیں پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں جس میں شیموگہ دیہی-111 میں 247 پولنگ سٹیشن ہیں، بھدراوتی-112 میں 253 پولنگ سٹیشن ہیں، شیموگہ-113 میں 282 پولنگ سٹیشن ہیں، تیرتھہلی-114 میں 258، شکاری پورہ-115 میں 232، سورب-115 میں 253 پولنگ سٹیشن ہیں 264 کل 1775 پولنگ مراکز قائم ہیں۔ضلع میں 2023 کے ودھان سبھا انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں، 3350 بیلٹ یونٹس، 2352 کنٹرول یونٹس اور 2417 VV پیٹ کا استعمال کرتے ہوئے کرائے جائینگے۔ضلع میں انتخابات کے دن انتخابی کام کرنے کے لیے 8520 افسران/ عملے کی ضرورت ہے اور 10700 عملے کی معلومات پہلے ہی اکٹھاکی جا چکی ہیں۔کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی مدت یعنی 20 اپریل تک، نئے ووٹرز کو انتخابی فہرست میں شامل کیا جا سکتا ہے اور فارم 8 میں تصحیح کی اجازت ہے۔ اس موقع پر ایس پی متھون کمارنے کہا کہ ضلع میں 36 چیک پوسٹیں قائم کئے گئے ہیں اور 7 چیک پوسٹوں پر اہلکاروں کو تعینات کی جاچکاہے۔ الیکشن کے لیے سی آر پی ایف کی 6 ٹیمیں آئینگی۔ اسٹرانگ روم اور ووٹوں کی گنتی کے مراکز کا انتظام کیا گیا ہے۔ ضلع میں گزشتہ ماہ سے 55 لوگوں کو ملک بدری کے احکامات جاری کئے گئے ہیں اور گزشتہ 5-6 ماہ سے 6 غنڈہ ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے لیے تمام ضروری اقدامات کر لیے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنرنے اس بات کا بھی اعلان کیا ہے کہ 80 سال سے زیادہ عمر کے تمام ووٹر اپنے گھر سے ہی حق رائے دہی کا استعمال کر سکیں گے۔
