10 ریاستوں میں 27 خواتین سے 66 سال کے شخص نے کی شادی، کوئی ڈاکٹر تو کوئی سی اے

سلائیڈر نیشنل نیوز
بھونیشور: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے اوڈیشہ کے سب سے بڑے دھوکہ بازوں میں سے ایک مانے جانے والے رمیش سوین کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ ایک اہلکار کے مطابق مقدمہ درج ہونے کے بعد سوین کے مالیاتی لین دین کی چھان بین کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی ایجنسی پوچھ گچھ کے لئے ریمانڈ بھی مانگ سکتی ہے۔ بتادیں کہ رمیش سوین کا نام پہلے بھی زیر بحث رہ چکا ہے۔ اس 66 سالہ شخص نے 27 مرتبہ شادیاں کی ہیں۔اوڈیشہ پولیس نے گزشتہ سال سوین کو 10 ریاستوں میں 27 خواتین سے شادی کرنے اور ان سے لاکھوں روپے کی دھوکہ دہی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ سوین کے ساتھ اس کی بیویاں، سوتیلی بہن ڈاکٹر کملا سیٹھی اور ڈرائیور کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔ تاہم ان سب کو ہائی کورٹ سے ضمانت مل گئی تھی۔در اصل سوین پر سال 2011 میں حیدرآباد میں ایم بی بی ایس کی سیٹوں کے بدلے دو کروڑ روپے کی دھوکہ دہی کا الزام ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس پر 2006 میں کیرالہ کے کئی بینکوں کو ایک کروڑ روپے کا دھوکہ دینے کا بھی الزام ہے۔ ای ڈی کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ جانچ ایجنسی ریاستی پولیس کے ساتھ رابطے میں ہے اور سوین اور اس کے قریبی رشتہ داروں سے برآمد کی گئی دستاویزات کی جانچ کی جا رہی ہے۔ پولیس نے آٹھ ماہ کی تلاش کے بعد 13 فروری کو سوین کو گرفتار کیا تھا۔ دہلی میں رہنے والی ایک بیوی نے مئی 2021 میں اس کے خلاف شکایت درج کرائی تھی۔ اس کی ملاقات سوین سے 2018 میں شادی کی ایک ویب سائٹ کے ذریعے ہوئی تھی۔ سوین نے اس وقت دعویٰ کیا تھا کہ وہ وزارت صحت میں ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل کے طور پر کام کرتا ہے ۔سوین کی شادیوں کے چرچے پہلے بھی کافی ہو چکی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ سوین کے بھونیشور میں تین کرائے کے مکان تھے، جہاں وہ ایک وقت میں تین بیویوں کو رکھتا تھا ۔ اس کی بیویوں نے پولیس کو یہ بھی بتایا کہ وہ کئی مرتبہ اپنی بیویوں سے قرض مانگتا تھا اور پیسے ملنے کے بعد اگلی بیوی کی تلاش کرنے میں لگ جاتا تھا ۔رمیش نے پہلی شادی 1982 میں کی تھی۔ اس کے بعد اس نے 2002 میں دوسری شادی کی۔ ان شادیوں سے اس شخص کے 5 بچے تھے۔ پھر سال 2002 سے 2020 تک اس شخص نے میٹریمونیل سائٹس کے ذریعہ خواتین سے دوستی کی اور اپنی پہلی 2 بیویوں کو اس سلسلہ میں بتائے بغیر ایک ایک کرکے ان سے شادیاں کیں۔ یہ شخص بھونیشور میں اپنی 14ویں بیوی کے ساتھ رہ رہا تھا، جو دہلی میں ایک اسکول ٹیچر تھی۔وہ ہر مرتبہ خود کو ڈاکٹر بتاتا تھا اور وکیل اور ڈاکٹر جیسی پڑھی لکھی خواتین کو اپنا نشانہ بناتا تھا۔ اس شخص کی پہلی دو بیویاں اوڈیشہ سے ہی تھیں جبکہ باقی بیویاں دہلی، پنجاب، آسام، جھارکھنڈ جیسی ریاستوں سے ہیں۔