وارانسی : گیانواپی مسجد ۔ شرنگار گوری معاملہ میں ضلع جج کی عدالت نے بڑا فیصلہ کیا ہے کہ اس سے وابستہ سبھی معاملات کی سماعت اب ضلع جج کی عدالت میں ہوگی۔ شرنگار گوری کیس کے تعلق سے الگ الگ عدالتوں میں الگ الگ درخواستیں دائر کی گئی تھیں جو کہ الگ الگ مدعیان کی طرف سے دائر کی گئی تھیں، جیسے گیانواپی مسجد میں پوجا کا مطالبہ، گیانواپی مسجد کو ہندو فریق کے حوالے کرنے کا مطالبہ وغیرہ۔الگ الگ لوگوں کے ذریعہ الگ الگ عدالتوں عرضیاں داخل کی گئی تھیں۔ ایسے میں ان سبھی مقدمات کو ایک ہی جگہ پر سماعت کیلئے شرنگار گوری کیس کی خاتون عرضی گزاروں نے ضلع جج کی عدالت میں درخواست دائر کی تھی ۔ یہ درخواست نومبر میں کی گئی تھی جس کا فیصلہ آج آیا ہے۔فیصلے کے مطابق اب سبھی مقدمات کی سماعت ڈسٹرکٹ جج کی عدالت میں ہوگی۔ شرنگار گوری کیس کے وکیل سبھاش یادو نے بتایا کہ سبھی مقدمات کی سماعت ایک ہی عدالت میں ہوگی۔پانچ ہندو خواتین نے وارانسی کی عدالت میں وارانسی کے گیانواپی کمپلیکس میں شرنگر گوری اور دیگر دیوتاؤں کی پوجا کرنے کی اجازت کے لیے ایک مقدمہ دائر کیا تھا۔
