بنگلورو:۔بنگلورو اور دیگر علاقوں میں دو دنوں سے ہورہی موسلادھار بارش کے بعد متعلقہ علاقوں میں گرمی کی شدت سے پریشان عوام کوتھوڑی بہت راحت مل گئی ہے۔ البتہ بھٹکل اور ساحلی کرناٹک کے شہروں میں شدید گرمی سے لوگوں کا ہنوز براحال ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بنگلور سمیت ریاست کے 14اضلاع میں اگلے3دنوں تک چمک، گرج اور تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کے امکانات ہیں۔بنگلور شہر، بنگلور دیہی، میسور، منڈیا، ٹمکور،کورگ، داونگرے، چامراج نگر، چترا درگہ، گدگ، کلبرگی، رائچور، یادگیراضلاع میں موسلادھار بارش کے امکانات کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے الرٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ تیزہواؤں کی وجہ سے بجلی کے کھمبے گرنے کے خدشات ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک جام ہو سکتا ہے،اس کو مد نظر رکھتے ہوئے محکمہ موسمیات نے عوام سے گزارش کی ہے کہ وہ گھروں میں محفوظ رہیں۔ بنگلور شہر کے ودھان سودھا، میجسٹک، کارپوریشن، کے آر مارکیٹ، شانتی نگر،شیواجی نگرکے اطراف واکناف علاقوں میں سنیچر اور اتوار کو موسلادھار بارش ہو ئی،جس کی وجہ سے موسم کافی سرد ہوچکا ہے۔ریاست کے مذکورہ اضلاع میں اگلے تین دنوں تک موسلادھار بارش کے مد نظر محکمہ موسمیات نے آرینج اور یلو الرٹ کا اعلان کیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے ریاست کے مذکورہ14اضلاع میں چمک،گرج اور تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہونے کے امکانات کو دیکھ کر عوام کو چو کنا رہنے کی درخواست کی ہے۔
