شیموگہ:۔شیموگہ سٹی سائوتھ بلاک کانگریس کے صدر کلیم پاشاہ پر خود کانگریس کے لیڈروں نے جو حملہ کیاہے وہ ناقابل قبول ہے،کلیم پاشاہ کی بے عزتی سارے مسلمانوں کی بے عزتی کے برابرہے ۔اس بات کااظہار سماجی کارکن فیروز نے کیاہے۔انہوں نے اس سلسلے میں ایک اخباری بیان جاری کیاہے جس میں کہاہے کہ کانگریس پارٹی اپنے آپ کو اقلیتوں کی محافظ پارٹی کہتی ہے،لیکن وہاں خود اُن کی پارٹی کے لیڈران محفوظ نہیں ہیں،کلیم پاشاہ نے پارٹی کی میٹنگ میں اقلیتوں کو نظرانداز کرنے کی بات کہی تھی،اس پرکانگریس کے لیڈران ان کے خلاف ہوگئے جبکہ اس موقع پر کانگریس امیدوار اور ابزرور دونوں ہی اس موقع پر موجودتھے،مگر انہوں نے کلیم پاشاہ کی تائید کرنے کے بجائے مخالفت میں اترگئے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ اُن کی نظرمیں اقلیتی کچھ بھی نہیں ہیں۔مز ید فیروز نے کہاکہ اس وقت کانگریس پارٹی میں جو آپسی انتشارہے، اُس سے یہ بات ثابت ہے کہ کانگریس پارٹی کے امیدوارکو ان کے ہی لیڈران جتانے سے زیادہ ہرانے کی کوشش کررہے ہیں،ایسے میں مسلمانوں کو سوچ سمجھ کر فیصلہ لینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے یہ بھی کہاہے کہ کچھ لوگ سوشیل میڈیاپریہ کہہ رہے ہیں کہ شیموگہ کے ذمہ داروں نے مل کر کانگریس پارٹی کےامیدوار جیتانے کی بات کہی ہے جبکہ کسی بھی مسلک یا جماعت کے ذمہ داروں نے اس سلسلے میں کوئی فیصلہ نہیں کیاہے۔کچھ مفاد پرست اپنے مفادکیلئے قوم کے ذمہ داروں کا نام لے رہے ہیں اور قوم کو گمراہ کررہے ہیں،ایسے گمراہ کرنےو الے لوگوں کو نظرانداز کریں اور ان کی باتوں کے پیچھے ان کے مفاد کا جائزہ لیں اور قوم مفاد پرستوں سے دور رہے،تبھی مسلمانوں کی بھلائی ہوگی اور مسلم لیڈروں کی عزت بچے گی۔
