کرناٹک اسمبلی الیکشن2023:تمام224 سیٹوں پر تکمیل کو پہنچی ووٹنگ; شیموگہ ضلع میں70.43فیصد ووٹنگ،سب سے کم شیموگہ شہرمیں ہوئی پولنگ

اسٹیٹ نیوز ڈ سٹرکٹ نیوز سلائیڈر نمایاں
بنگلور: کرناٹک میں تمام 224 اسمبلی سیٹوں پر ووٹنگ تکمیل کو پہنچ گئی۔ الیکشن کمیشن نے انتخابات کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے تھے۔کہیں سے کسی قابل ذکر منفی واقعے کی خبر نہیں ہے۔ الیکشن پرامن رہا اور اب نتائج ای وی ایم میں بند ہوچکے ہیں۔اب دودن بعد نتائج آئینگے۔کرناٹک اسمبلی انتخابات میں شام 5 بجے تک 65.69 فیصد ووٹ ڈالے گئے ہیں۔اس بار الیکشن لڑنے والوں میں کئی بڑے لیڈر ہیں۔ چیف منسٹر بسواراج بومئی خود الیکشن لڑ رہے ہیں۔ اس کے علاوہ سابق وزیر اعلیٰ سدارمیا، کانگریس صدر ڈی کے شیوکمار، جے ڈی ایس سربراہ ایچ ڈی کمار سوامی جیسے کئی بڑے لیڈر میدان میں ہیں۔ کرناٹک اسمبلی انتخابات میں سہ رخی مقابلے کے دوران تمام 224 سیٹوں پر ایک ہی مرحلے میں ووٹنگ ہوئی۔بھارتیہ جنتا پارٹی کو لگاتار دوسری میعاد ملنے کی امید ہے، جب کہ کانگریس ہر بار اقتدار بدلنے کی مشق پر اپنی امیدیں باندھ رہی ہے۔ یہ بھی مانا جا رہا ہے کہ جنتا دل سیکولر (جے ڈی ایس) جو ریاست کی 61 سے زیادہ سیٹوں پر مضبوط پوزیشن میں ہے، ان دونوں قومی پارٹیوں کا کھیل خراب کر سکتی ہے۔کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا نے صبح سویرے شیموگا اسمبلی حلقہ میں ووٹ ڈالا تھا۔ اس موقع پر بی جے پی کے سینئر لیڈر بی ایس۔ یدی یورپا نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ 75-80 فیصد رائے دہندگان بی جے پی کی حمایت کریں گے۔ "ہمیں واضح اکثریت ملے گی اور ہم حکومت بنائینگے۔ہم 130- 135 سیٹیں جیتیں گے ۔ کرناٹک کے وزیر اعلی بسواراج بومائی نے کہا کہ وہ پارٹی کی طرف سے شروع کی گئی مہم اور اس پر عوام کے ردعمل سے "انتہائی خوش” ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ باہر آئیں اور کرناٹک کی ترقی کے لیے ووٹ دیں۔ جب کہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں ووٹ ڈالیں تاکہ ایک ترقی پسند اور ’40 فیصد کمیشن فری، ریاست بنائی جاسکے۔ ہندی میں ایک ٹویٹ میں راہول گاندھی نے لکھا، "کرناٹک کا ووٹ۔ 5 ضمانتوں کے لیے، خواتین کے حقوق کے لیے، نوجوانوں کے روزگار کے لیے، غریبوں کی بہتری کے لیے۔ زیادہ سے زیادہ تعداد میں ووٹ ڈالیں، آئیے 40 فیصد کمیشن فری ، ترقی پسند کرناٹک کے ساتھ۔ بی جے پی اور کانگریس دونوں کی انتخابی مہم بہت اعلیٰ تھی۔وزیر اعظم نریندر مودی نے چھ روڈ شو اور 19 عوامی میٹنگیں کیں، جب کہ راہل گاندھی نے کرناٹک میں 12 دن تک ڈیرے ڈالےرکھا۔ مشہور اداکار پرکاش راج نے بھی ووٹ ڈالا اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے لوگوں سے ووٹ ڈالنے کی اپیل کی۔ پرکاش راج نے کہا کہ ہمیں فرقہ وارانہ سیاست کے خلاف ووٹ دینا چاہیے۔ پرکاش راج نے کہا، ‘ہمیں فرقہ وارانہ سیاست کے خلاف ووٹ دینا ہوگا۔ یہ وہ جگہ ہے جہاں آپ کو فیصلہ کرنے کا حق ہے۔ آپ جانتے ہیں کہ کب، کیا کرنا ہے اور آپ کو کیا تکلیف ہوئی ہے؟ ہمیں کرناٹک کو خوبصورت بنانا ہے۔ فرقہ وارانہ طاقتوں کو ختم کرنے کے لیے ہم آہنگی کو برقرار رکھیں اور ووٹ دیں۔ واضح ہوکہ انتخابات سے پہلے، بدعنوانی کے متعدد الزامات کا سامنا کرتے ہوئے، حکمراں بی جے پی نے مسلمانوں کو دیے گئے 4 فیصد ریزرویشن میں ردو بدل سمیت لنگایت، ووکلیگا، درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل سے پارٹی کے ووٹ حاصل کرنے کی تمام تر کوششیں کیں۔ ریاستی حکومت نے مارچ میں ‘دیگر پسماندہ طبقات کے تحت 2 بی زمرے کے تحت مسلمانوں کو دیے جانے والے کئی دہائیوں سے جاری 4 فیصد ریزرویشن کو ختم کر دیا، اور اس ریزرویشن کے فوائد کو ووکلیگا اور لنگایتوں کو دے دیا ۔ تاہم سپریم کورٹ نے اگلے حکم تک اس پر روک لگا دی ہے، اور ہدایت دی ہے کہ مسلم ریزرویشن فی الحال جاری رہے گا۔ کیس کی اگلی سماعت اب جولائی میں ہوگی۔شیموگہ ضلع میں آج ہوئی پولنگ 70.43فیصد درج کی گئی ہے،ضلع میں سب سے زیادہ ووٹنگ شکاری پور اسمبلی حلقے میں ہوئی ہے ،جہاں پر 77.52فیصد درج کی گئی ہے جبکہ شیموگہ سٹی میں61.19 فیصدووٹنگ درج کی گئی ہے۔تیرتھ اسمبلی حلقے میں73.2فیصد،شیموگہ دیہی اسمبلی حلقے میں75.56فیصد،بھدراوتی اسمبلی حلقے میں 68.59فیصد،ساگر اسمبلی حلقے میں 69.90 فیصد اور سورب اسمبلی حلقے میں 75.31فیصدووٹنگ درج کی گئی ہے۔شیموگہ کے مختلف علاقوں میں ای وی ایم مشین میں خرابی آنے کی بات بھی سامنے آئی ہے،شہرکے تین مقامات پر ای وی ایم مشین خراب ہونے کی شکایت درج کی گئی ہے۔