کانگریس کا حکومت بنانے کا راستہ صاف،جے ڈی ایس کا ’کنگ میکر‘ بننے کا خواب ڈھیر
بنگلورو:کرناٹک اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی نے اکثریت حاصل کی ہے اور بی جے پی کے بیشتر طاقتور لیڈران شکست پا چکے ہیں،جس کی وجہ سے بی جے پی نے ریاست میں مودی اور یوگی کا جو کمال دکھانے کی کوشش کی تھی وہ کمال نہیں چل سکا،کانگریس نے بیشتر حلقوں میں بڑے پیمانے پر کامیابی حاصل کرتےہوئے حکومت بنانے کا راستہ صاف کرلیاہے۔آج اس سلسلے میں کانگریس کے ریاستی صدر ڈی کے شیوکمارنے پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے کہاکہ عوام نے جھوٹے وعدے کرنےوالوں،کمیشن خوروں اور بدعنوانوں کو جھٹلا دیاہے اور ہمیں اکثریت دیتے ہوئے ہم پر بھروسہ کیاہے ،میں کانگریس کے تمام لیڈروں اور کارکنوں کا شکریہ اداکرتاہوں ،ساتھ ہی ساتھ تمام ووٹروں کو تہہ دل سے شکریہ اداکرتاہوں۔
کرناٹک اسمبلی انتخابات کے نتیجوں کے رجحانات سے یہ بات بالکل واضح ہو گئی ہے کہ کانگریس کو کرناٹک انتخابات میں اکثریت مل جائے گی اور کانگریس کے اکثریت ملنے سے جنتا دل سیکولر کے ایچ ڈی کماراسوامی کا یہ خواب ڈھیر ہو گیا ہے کہ وہ ان انتخابات میں کنگ میکر کے کردار میں ابھریں گے۔کچھ ایگزٹ پول کے نتائج نے کمارا سوامی کے اس خواب کو تقویت پہنچائی تھی جس کے بعد یہ خبریں بھی عام ہو گئی تھیں کہ کانگریس اور بی جے پی کے کچھ رہنماؤں نے کماراسوامی سے ملاقات بھی کی ہے۔ ان کی اس ملاقات کو اس طرح دیکھا جا رہا تھا کہ اگر کسی بھی پارٹی کو اکثریت نہیں ملی اور اگر اس پارٹی کو جے ڈی ایس کی حمایت کی ضرورت پڑی تو وہ ان سے حمایت کی درخواست کر سکتے ہیں۔ابتداعی رجحانات سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ کانگریس کو جہاں اکثریت ملتی نظر آ رہی ہے وہیں بی جے پی اور جے ڈی ایس کو اتنی سیٹیں نہیں مل پار ہیں کہ وہ اپنی حکومت بنا لیں۔ رجحانات کو جہاں کانگریس کے ذریعہ اچھا چناؤ لڑنے سے تعبر کیا جا رہا ہے وہیں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ یہ فرقہ پرست سیاست کی شکست ہے اور عوام کے بنیادی مدعوں کی جیت ہے۔
